شکرگڑھ کے نواحی گاوں شاہ پور بھنگو میں سجا رنگا رنگ کرکٹ میلہ

69

شکرگڑھ،30 جولائی(اے پی پی): شکرگڑھ کے نواحی گاوں شاہ پور بھنگو میں کرکٹ کا جنون سر چڑھ کر بولنے لگا، شاہ پور بھنگو میں ساجد شہید میموریل ٹیپ بال کرکٹ ٹورنامنٹ کا انعقاد کیا گیا، جس میں تحصیل بھر کی درجن سے زائد ٹیموں نے حصہ لیا، سابق آل راؤنڈر عبدالرزاق نے چھکا لگا کر میچ کا آغاز کیا، میچ میں کھلاڑیوں نے چھکوں،چوکوں کی برسات کردی، تو کسی نے گیند  گھما کر وکٹیں اڑائیں اور انتظامیہ سے خوب داد اور انعامات وصول کئے۔

اس موقع پر مہمان خصوصی توصیف مٹھو نے کہا کہ پورے ضلع میں جہاں بھی کرکٹ ہورہی ہے ہم نوجوان کھلاڑیوں کو بھرپور سپورٹ کررہے ہیں ہمارا مقصدنوجوانوں کو منفی سرگرمیوں سے دور رکھنا ہے۔

ایک کھلاڑی کا کہنا تھا کہ پہلے ہمیں کھیلوں کے حوالے سے مالی طور بہت سی مشکلات کا سامنا تھا لیکن کچھ لوگ جو کھیلوں سے محبت کرتے ہیں انہوں نے ہمیں بھرپور سپورٹ کیا جس وجہ سے آج ہم پورے پاکستان میں کھیل سکتے ہیں۔

سابق آل راؤنڈر عبدالرزاق نے کھلاڑیوں کو مفید مشورے بھی دیئے اور ان کا کہنا تھا کہ ہر کھیلنے والا کھلاڑی کسی علاقے سے تعلق نہیں رکھتا بلکہ اسکا تعلق پاکستان سے ہے۔ انہوں نے کھلاڑیوں میں موجود ٹیلنٹ کی بھی تعریف کی اور کہا کہ اچھی پرفارمنس سے آپ قومی ٹیم میں بھی جگہ بنا سکتے ہیں۔

اس موقع پر کھلاڑیوں کو انعامات اور ٹرافیاں بھی دی گئیں اور جیتنے والی ٹیم کو موٹر سائیکل انعام دی گئی جبکہ دوسرے نمبر پر آنے والی ٹیم کو 20ہزارروپے دئیے گئے۔