ضلع بہاولنگر میں ایک ارب گیارہ کروڑ روپے کی مجموعی لاگت سے44ترقیاتی سکیمیں  منظور، اگست کے پہلے ہفتے میں کام کا آغاز ہوجائے گا

24

بہاولنگر،10 جولائی  (  اے پی پی ):  ضلع بہاولنگر میں ایک ارب گیارہ کروڑ روپے کی مجموعی لاگت سے44ترقیاتی سکیموں کی منظوری دیدی گئی ہے اور ان منصوبوں پر اگست کے پہلے ہفتے میں کام کا آغاز ہوجائے گا۔

 یہ بات ڈپٹی کمشنر بہاول نگر شفقت اللہ مشتاق نے ڈی سی آفس کے کانفرنس روم میں ڈسٹرکٹ ڈویلپمینٹ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کے دوران کہی۔ اجلاس میں ایجوکیشن، ہیلتھ کے سی ای اوز، ایکسین روڈز،پبلک ہیلتھ ، لوکل گورنمنٹ اور دیگر محکموں کے افسران کے علاوہ ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمینٹ نے شرکت کی۔

 اجلاس میں شفقت اللہ مشتاق نے کہا کہ حکومت پنجاب ڈویلپمینٹ پر مکمل توجہ  مرکوز کیے ہوئے ہیں اور ترقیاتی سکیموں میں معیار اور اعلی تعمیراتی میٹریل کے استعمال کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ پبلک ہیلتھ کی گیارہ سکیموں پر 38کروڑ 50لاکھ روپے، لوکل گورنمنٹ کی ایک سکیم پر 2کروڑ روپے جبکہ سڑکوں کی تعمیر کی 32سکیموں پر 70کروڑ 50لاکھ روپے خرچ کیے جائیں گے۔