مون سون کے دوران محکمہ جنگلات ضلع سیالکوٹ میں ساڑھے 6لاکھ پودے لگائے گا: طاہر فاروق

41

سیالکوٹ 12جولائی (اے پی پی):  ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ طاہر فاروق نے کہا ہے کہ مون سون کے دوران محکمہ جنگلات ضلع سیالکوٹ میں ساڑھے 6لاکھ پودے لگائے گا جبکہ کلین گرین پاکستان انڈکس کے تحت میونسپل کارپوریشن سیالکوٹ کی حدود میں بھر پوراربن شجرکاری (میواکی ) کی جائے گی ۔ یہ بات انہوں نے ڈی سی آفس کے سبزہ زار میں پودے لگائے کلین گرین پاکستان انڈکس کے تحت شجرکاری مہم کے افتتاح کے موقع گفتگو کرتے ہوئے بتائی ۔ اسسٹنٹ کمشنر سیالکوٹ سونیا صدف، سی او میونسپل کارپوریشن سیالکوٹ فیصل شہزاد،چیمپئین آف کلین گرین پاکستان انڈکس اشفاق نذر، ڈویژنل فاریسٹ آفیسرچودھری محمد عظیم اورایس ڈی ایف او محمد سرور بھی موجودتھے۔ڈپٹی کمشنر طاہر فاروق نے کہاکہ وزیر اعظم کلین گرین پاکستان انڈکس ایک ماحول دوست پروگرام ہے جس میں شہریوں کو معیاری میونسپل سروسز جس میں آلودگی سے پاک پینے سے کا صاف پانی کی فراہمی،واٹر فلٹریشن پلانٹس کی اوورہالنگ، سیوریج کے نظام کی اپ گریڈیشن اور بحالی ، اسٹریٹ لائٹس کی درستگی ، تجاوزات کا خاتمہ سمیت دیگر میونسپل سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جارہا ہے ۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ شجر کاری مہم میں حصہ لیں اورکلین گرین انڈکس پر خود کو رجسٹرڈ کروا کر ماحول کوسرسبز و شاداب بنانے میں متعلقہ اداروں کے ساتھ تعاون کریں ۔