بھونگ مندر 2 دن کے اندر بحال کر کے ہندو کمیونٹی کے حوالے کر دیا گیا، تمام مکاتب فکر کے علماء نے ہندو کمیونٹی کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا، مولانا طاہر اشرفی

11

اسلام آباد۔12اگست  (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے بین المذاہب ہم آہنگی و مشرق وسطیٰ امور  حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے جمعرات کو یہاں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا    کہ   بھونگ مندر  2 دن کے اندر بحال کر کے ہندو کمیونٹی کے حوالے کر دیا گیا، تمام مکاتب فکر کے علماء نے ہندو کمیونٹی کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ صادق آباد میں ہونے والے مندر واقعہ میں 8 سالہ کم سن بچے پر درج ہونے والی ایف آئی آر خارج کر دی گئی ہے، جن لوگوں نے پرچہ دیا ان کے خلاف کارروائی ہو رہی ہے، مندر بحال کر کے ہندو برادری کے حوالے کر دیا گیا ہے، یہ تمام کام دو دن کے اندر ہی ہوئے ہیں، انشاء اللہ آنے والے دنوں میں خود بھی وہاں جائوں گا۔ انہوں نے کہا کہ پورے ملک کے اندر خطبات جمعہ میں سیدنا امام حسین  کو نذرانہ عقیدت پیش کیا جائے گا، سیدنا عمر بن خطاب کی شہادت پر فضائل بیان ہوں گے، سوشل میڈیا پر افواہ سازی کے شر کے حوالے سے بھی خطبات میں بتایا جائےکہ کس طرح ہندوستان، اسرائیل اور یہاں پر کچھ لوگ  جھوٹی خبریں  پھیلاتے ہیں، یہ پاکستان کے دوست ہیں یا اسرائیل کے ہیں، ہمارا دوست تو فلسطین ہے، اگر اسرائیلی اخبار جھوٹی خبر جاری کرے جس کی ہم نے یہاں بیٹھ کر تردیدیں جاری کی ہوں، اور پتہ چلے کہ ہمارے پاکستان سے کچھ لوگ اس کو پھیلا رہے ہیں۔