فیصل آباد ،23 اگست (اے پی پی): وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ حکومت عوام کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لانے کے ساتھ ساتھ عوامی اداروں کی کارکردگی کو بہتر بنانے پر بھی بھر پور توجہ دے رہی ہے۔
وہ آج یہاں واسا کے ہیڈ آفس میں ایک میٹنگ کی صدارت کر رہے تھے۔ وزیر مملکت نے واسا افسران کو ہدایت کی کہ سمن آباد، الہیٰ آباد، احمد نگر، ستارہ کالونی، گلشن اقبال اور شہر کے دوسرے نشیبی علاقوں کے ڈسپوزل سسٹم کو بہتر بنانے کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھائیں تاکہ یہاں کے مکین کو ٹربل فری سیوریج سسٹم کی سہولت فراہم کی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے ترقیاتی بجٹ میں اربوں روپے کے فنڈز مختص کیے ہیں تاکہ عوام کے معیار زندگی کو بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ زندگی کی بنیادی سہولتیں ان کے گھر کی دہلیز پر فراہم کی جاسکیں۔
وزیر مملکت فرخ حبیب نے واسا افسران کو ہدایت کی کہ وہ ڈسپوزل اسٹیشنوں کی اپ گریڈیشن اور سیوریج سسٹم کی بہتری کیلئے جلد از جلد ٹینڈر جاری کریں اور ان سکیموں کو ہنگامی بنیادوں پر مکمل کریں تاکہ شہر کے نشیبی علاقوں میں سیوریج کی بندش کا مسئلہ پائیدار بنیادوں پر حل ہوسکے۔
چیئرمین ایف ڈی اے لطیف نذر نے کہا کہ ایف ڈی اے اور واسا مشترکہ طور پر شہریوں کو سیوریج اور پانی کی فراہمی کیلئے کوشاں ہے اور منظور ہونے والی ترقیاتی سکیموں کوجلد پایہ تکمیل تک پہنچائیں گے تاکہ عوام کے مسائل جلد از جلد حل ہو سکیں۔
منیجنگ ڈائریکٹر واساجبار انور چوہدری نے کہا کہ واسا محدود وسائل میں سیوریج کی معیاری سروسز فراہم کرہا ہے تاہم اراکین قومی و صوبائی اسمبلی کی مشاورت سے ترقیاتی سکیموں کو تیزی سے مکمل کیا جائے گا جس سے شہرمیں سیوریج کے پانی کی نکاسی اورواٹر سپلائی میں مزید بہتری ممکن ہو گی۔ انہوں نے اپیل کی ہے کہ آلودگی اور تعفن سے پاک ماحول کیلئے سیوریج سسٹم میں کوڑا کرکٹ نہ پھینکا جائے۔ انہوں نے سیوریج کا نظام کو بحال رکھنے میں عوامی تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔











