حکومت پنجاب اور آئی جی پنجاب پولیس انعام غنی کی اوپن ڈور پالیسی کے تحت وہاڑی میں کھلی کچہری کا انعقاد

43

وہاڑی، 03 اگست(اے پی پی):انسپکٹر جنرل آف پنجاب پولیس انعام غنی کی ہدایت پر اوپن ڈور پالیسی کے تحت ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر وہاڑی امیر عبداللہ خان نیازی کی زیر صدارت کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا۔ کھلی کچہری میں مختلف لوگوں نے اپنی شکایات پیش کیں جس پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر نے فوری حل کرنے کے احکامات جاری کیے۔

اس موقع پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر وہاڑی امیر عبداللہ خان نیازی نے کہا کہ کھلی کچہری کا مقصد اوپن ڈور پولیسی کے تحت شہریوں کی پولیس تک رسائی کو یقینی بنانا اور فوری میرٹ پر انصاف فراہم کرناہے۔ متعلقہ افسران عوام کی شکایات و مسائل حل کرنے پر خصوصی توجہ دیں اور قانونی تقاضے پورے کرتے ہوئے  میرٹ پر ان کی شکایات کا فوری ازالہ کریں، درخواست گزاروں کے ساتھ خندہ پیشانی سے پیش آتے ہوئے انہیں تسلی بخش ریلیف فراہم کرنے میں کوئی کمی نہ چھوڑیں۔

ڈی پی او وہاڑی امیر عبداللّہ خان نیازی نے مزید کہا کھلی کہچری کے انعقاد کا مقصد شہریوں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف اور بروقت انصاف کی فراہمی ہے شہریوں کے اجتماعی و انفرادی حقیقی مسائل کے حل کیلئے میرے دفتر کے دروازے ہمہ وقت کھلے ہیں، کھلی کچہریوں سے عوام کو ان کے مسائل کے حل کے لیے جہاں آسانی ہوتی ہے وہیں ان کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل ہوتے ہیں۔