ملتان، 10 اگست (اے پی پی ): ڈپٹی کمشنر علی شہزاد نے کہا کہ معاشرے میں امن کے فروغ کے لیے خواتین کو ٹریننگز دی جارہی ہیں ،خواتین کو معاشرے کا کارآمد اور فعال رکن بنائے بغیر معاشی ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈسٹرکٹ وویمن پیس فورم کی تین روزہ ٹریننگ کی اختتامی تقریب سے بطور مہمان خصوصی اپنے خطاب میں کیا۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ حکومت پنجاب نے خواتین کو تحفظ دینے اور انکی قابلیت کو قابل استعمال بنانے کیلئے موثر اقدامات اٹھائے ہیں ، ڈسٹرکٹ وویمن پیس فورم کی جانب سے مختلف پراجیکٹس شروع کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔
تقریب میں شریک ایم پی اے سبین گل نے کہا کہ وومن فورم کو پورے ملک کیلئے مثال بنایا جائے گا اور اس کا دائرہ کار بھی بڑھایا جائے گا، خواتین کو خودمختار بنانے کے لیے آگاہی سیمینارز اور ورکشاپس کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔
تقریب کے آخر میں خواتین میں ڈپٹی کمشنر علی شہزاد اور ایم پی اے سبین گل نے سرٹیفکیٹ بھی تقسیم کیے ۔











