اٹک۔7اگست (اے پی پی):صوبائی وزیر سماجی بہبود و بیت المال سید یاور عباس بخاری نے کہا ہے کہ درخت لگانا صدقہ جاریہ اور سنت نبویۖ ہے ۔ وہ ہفتہ کو پلانٹ فار اٹک کے موقع پرمختلف مقامات پر پودے لگانے کے بعد میڈیا سے گفتگو کررہے تھے۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر اٹک عمران حامدشیخ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اور اینڈ پلاننگ مرضیہ سلیم،ڈی ایف او عامر عباس، پلاننگ آفیسر ظہیر احمد خان اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔ اس موقع پر بتایا گیا کہ پلانٹ فار اٹک مہم میں 7لاکھ پودے لگا ئے جائیں گے۔اس اہم مہم میں تما م سرکاری، نیم سرکاری،نجی ادارے اپنا بھر پور کردار اداکریں گے۔سرکاری عمارات اور جگہوں پر 2لاکھ سے زائد پودے لگائیں جائیں گے۔ اس کے علاوہ تمام ادارے بھی اپنے جغرافیائی حالات کے مطابق 5لاکھ پودے لگائیں گے۔ ڈی سی اٹک عمران حامد شیخ نے اس موقع پر بات کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری دفاتر میں لگائے جانے والے پودے متعلقہ عملے کے اراکین تصور ہونگے۔











