ریونیو عوامی خدمت کھلی کچہری پروگرام کے تحت عوام کے مسائل ان کی دہلیز پر حل کئے جا رہے ہیں؛بابر حیات تارڑ

26

نارووال،04 اگست( اے پی پی): سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو پنجاب بابر حیات تارڑ  نے کہا ہے کہ ریونیو عوامی خدمت کھلی کچہری پروگرام کے تحت عوام کے مسائل ان کی دہلیز پر حل کئے  جا رہے ہیں،عوام کی فلاح وبہبود موجودہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے  ڈی سی آفس نارووال میں ریونیو عوامی خدمت  سینٹر کے دورہ کے موقع پر کیا اور عوام کو فراہم کی جانے والی سروسز کا جائزہ لیا۔

اس موقع پر  گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی عثمان بزدار کی زیر صدارت پنجاب بھر میں جہاں دوسرے محکمے عوامی خدمات کے لئے بر سر پیکار ہیں وہاں ریونیو ڈیپارٹمنٹ بھی عوام کی خدمات کے لئے شب و روز نت نئی سروسز کے ساتھ میدان عمل میں موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی ہدایت پر ہر مہینے کے پہلے دفتری دن تحصیل کی سطح پر ریونیو عوامی خدمت کھلی کچہری کا انعقاد کیا جارہا ہے جہاں ڈپٹی کمشنر،ڈپٹی کلکٹر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر، اسسٹنٹ کمشنر، تحصیل دار،سب رجسٹرار،قانونگو،پٹواری سمیت اراضی ریکارڈ سینٹر کا عملہ موقع پر موجود ہوتا ہے، ڈپٹی کمشنر نہ صرف سائلین کی درخواستیں سن کر موقع پر ان کے مسائل کے حل کےلئے احکامات جاری کر رہے ہیں بلکہ اس کے ساتھ ساتھ گذشتہ درخواستوں کی جانچ بھی کی جارہی ہے۔ انہوں نے  کہا کہ ان ریونیو عوامی خدمت سینٹرز پر لوگوں کو ریکارڈ کی درستگی، فرد کا اجرا، انتقالات کا اجرا،رجسٹری،انکم سرٹیفکیٹ، معائنہ ریکارڈ اور ڈومیسائل کے اجراء  سمیت ریونیو کے متعلق کئی ایک سروسز مہیا کی جارہی ہیں۔

بابر حیات تارڑ نے کہا کہ ریونیو سینٹرز پر عوامی مسائل موقع پر حل کرنے کی روایت شروع کردی ہے۔

ڈپٹی کمشنر نارووال نبیلہ عرفان ، ڈی جی پی آر پنجاب ثمن رائے اور محکمہ ریونیو کے علاوہ اے ڈی سی آر عائشہ غضنفر سمیت غلام مصطفی انصاری ،محمد ارشد،شہزاد قیصرودیگر اس موقع پر موجود تھے۔