سکھر،10اگست (اے پی پی): گیارہویں جماعت کے سالانہ امتحانات دوبارہ شروع،فزکس کے پرچے میں نقل کی روک تھام کے لیے اقدامات ،بورڈ کی ٹیموں کے چھاپے ،کئی امیدوار نقل کرتے ہوئے پکڑے گئے۔ سندھ بھرمیں کورونا کی وجہ سے ملتوی کئے گئے امتحانات دوبارہ شروع ہوگئے ہیں۔ ترجمان سکھربورڈ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ سکھربورڈ کے زیرانتظام گیارہویں جماعت کے سالانہ امتحانات سکھر، خیرپوراورگھوٹکی اضلاع میں قائم کیے گئے ایک سو ایک امتحانی مراکز میں شروع ہوگئے ہیں،ان مراکزپر تیس ہزار سے زائد طلباءو طالبات امتحان دے رہے ہیں۔
سکھر بورڈ کی جانب سے نقل کی روک تھام کے لیے متعدد اقدامات کیے گئے ہیں جبکہ سکھر بورڈ کی جانب سے تشکیل دی گئی ٹیموں کے چھاپے جاری ہیں۔ ٹیموں نے چھاپوں کے دوران متعدد امیدواروں کو نقل کرتے ہوئے پکڑلیا۔ اس سلسلے میں سیکریٹری تعلیمی بورڈ سکھر رفیق احمد پلھ کا کہنا ہے کہ امتحانات میں نقل کو روکنے کے لیے سخت اقدامات کیے گئے ہیں۔ ہماری ٹیموں کے بھی امتحانی مراکز پر چھاپے جاری ہیں جبکہ نقل کرانے میں ملوث امتحانی عملے کے خلاف بھی کاروائیاں کی جارہی ہیں۔ چھاپوں کے دوران موبائل فونز بھی برآمد ہوئے ہیں اور متعلقہ امیدواروں کے کاپنگ کیس بنائے گئے۔











