عوام کو چاہیے کہ بلاوجہ بوگس کالز،غیر ضروری کالز سے گریز کریں، ڈی پی او بلال ظفر

22

چنیوٹ، 11 اگست (اے پی پی) : ڈی پی او بلال ظفر نے میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں پولیس کی فوری مدد حاصل کرنے کیلئے پکار 15پر کال کرنے کی سہولت ہمہ وقت دستیاب ہے۔چنیوٹ کے لوگوں کو بالغ نظری اور ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دینا چاہیے اور حقیقت میں ایمرجنسی کی صورت میں پکار 15پر کال کرنی چاہیے۔عوام کو چاہیے کہ بلاوجہ بوگس کالز،غیر ضروری کالز سے گریز کریں۔ذاتی نوعیت کے لڑائی جھگڑے،لین دین کے تنازعے پر بھی ایمرجنسی نمبر پر ڈکیتی،رابری کی جھوٹی کال کردی جاتی ہے۔پکار15پر بوگس،غیر ضروری کالز کرنے سے پولیس کے وقت،وسائل کا ضیاع ہوتا ہے۔پکار 15پر جھوٹی کالز کرنے والوں کیخلاف سخت قانونی کاروائیاں عمل میں لائی جارہی ہیں۔گزشتہ ماہ جولائی میں ایمر جنسی ہیلپ لائن پکار 15کو35ہزار سے زائد کالز موصول ہوئیں جن میں سے19ہزار سے زائد کالز غیر ضروری، جھوٹی کالز بوگس تھیں۔2ہزار سے زائدکالز پر پولیس کی جانب سے کیس بنائے گئے اور پکار15چنیوٹ نے فوری کاروائی کرتے ہوئے لوگوں کو فوری طور پر مدد فراہم کی۔55مختلف نوعیت کے ٹریفک حادثات میں لوگوں کی مدد کی گئی۔6سو سے زائدکالز میں ڈسٹرکٹ پولیس نے مختلف معلومات کے حصول کیلئے لوگوں کی راہنمائی کی۔10کالز پر گمشدہ بچوں،ذہنی معذور افراد کو انکے ورثاء کے حوالے کیا گیا۔15کالز پر گمشدہ موٹرسائیکلیں مالکان کے حوالے کی گئیں۔45 ایس او ایس کالز پر متعلقہ افسران کو فوری اطلاع دی گئی تاکہ بروقت کاروائی عمل میں لائی جاسکے۔48کالز پر منشیات اور قماربازوں کا قلع قمع کیا گیا۔14کالز پر پولیس کے بروقت ریسپانس سے واردات کی کوشش ناکام بنائی گئی۔ضلع بھر میں پکار 15کی کال پر پولیس کا ریسپانس ٹائم 7منٹ رہا۔