لاہور، 13 اگست ( اے پی پی): گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ غریب لوگوں کیلئے سب سے بڑی نعمت پینے کا صاف پانی ہے۔
آب پاک اتھارٹی کے تحت گورنر پنجاب نے گورنر ہاؤس میں صاف پانی کے پلانٹ کا افتتاح کیا اور اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ لوگوں کو پینے کے صاف پانی کی نعمت بہم پہنچانا میرا مشن ہے اور مجھے یقین تھا کہ بیوروکریسی کے دل میں بھی اللہ رحم ڈالے گا اور اس منصوبے کو مکمل کرنے میں مجھے کوئی دقّت پیش نہیں آئے گی انشااللہ دسمبر تک لاکھوں افراد تک پینے کا صاف پانی مہیا کردیا جائے گا۔
گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا کہ یہ کہ ہم ماحول کو بھی بہتر بنانے کیلئے اقدامات کر رہےہیں اور اس حوالے سے مخیر حضرات کو نیکی کے کام میں شامل ہونے کی دعوت دیتا ہوں۔
خدمت خلق کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ ہمارے سابق وزیر اعظم ملک معراج خالد بہت عظیم تھے اور ملک معراج خالد میرے آئیڈیل ہیں اسپیکر چوہدری پرویز الہی ہمارے اتحادی ہیں اور چوہدری پرویز الٰہی نے کبھی اشارہ نہیں دیا کہ وہ حکومت گرانا چاہتے ہیں ۔
موجودہ سیاسی امور بارے بات کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ اپوزیشن تقسیم ہو تو اسکا فائدہ حکومت کو ہوتا ہے اور میں پاکستان میں گورنر ہاؤس میں تو بیٹھنے کیلئے تو نہیں آیا اگلے الیکشن میں حلقے کی سیاست میں آؤنگا میں مشکل وقت میں لوگوں کیساتھ کھڑے ہوتا ہوں گورنر ہاؤس میں باعزت طریقے سے ہی کوئی آتا یے اور باعزت طریقے سے ہی رخصت ہوتا ہے۔
ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ قبل از وقت انتخابات بارے کسی سےکوئی گفتگو نہیں ہوئی افسوس کہ ہماری سیاسی جماعتیں جمہوری نہیں بن سکیں۔











