یومِ پاکستان منانے کا مقصد نوجوان نسل کو اپنے آباؤاجداد کی قربانیوں کے بارے میں آگاہ کرنا ہے؛ کمشنر لاہور عثمان یونس

24

لاہور، 13 اگست(اے پی پی): کمشنر لاہور کیپٹن (ر) عثمان یونس نے کہا ہے کہ یومِ پاکستان منانے کا مقصد نوجوان نسل کو اپنے آباؤاجداد کی قربانیوں کے بارے میں آگاہ کرنا ہے۔

ان خیالات کا  اظہار  کمشنر لاہور کیپٹن (ر) عثمان یونس نے ایف سی کالج یونیورسٹی لاہور میں یوم آزادی کے حوالے سے تقریب میں شرکت  کے  دوران کیا۔ کمشنر لاہور کیپٹن عثمان یونس نے پودا لگا کر شجر کاری مہم کا بھی آغاز کیا۔

کمشنر لاہور عثمان یونس نے کہا کہ 14 اگست کا دن منانے کا مقصد اپنی نوجوان نسل کو آگاہ کرنا ہے کہ ہمارے آباؤاجداد نے پاکستان کو کتنی قربانیاں دینے کے بعد حاصل کیا اور آنے والے دنوں میں ہم پاکستان کو کہاں لے جانا چاہتے ہیں، ہم 74 سال کا سفر طے کر کے یہاں پہنچے ہیں ہم نے کیا کھویا اور کیا پایا۔انہوں نے کہاکہ  اگر تمام شہری اپنی ذمہ داریاں بھرپور طریقے سے پورا کریں گے تو انشاللہ پاکستان جلد ہی ترقی یافتہ ممالک میں شامل ہوگا۔

ریکٹر ایف سی کالج یونیورسٹی  جوناتھن ایڈلیٹن کا کہنا تھا کہ مجھے اس بات کی بہت خوشی ہے کہ ایف سی کالج یونیورسٹی میں یومِ پاکستان کے حوالے سے پہلی تقریب ہو رہی ہے، پاکستان کے لیے تعلیم اور  شجر کاری دونوں بہت ضروری ہیں۔