فاتح لکشمی پور میجر طفیل شہید(نشان حیدر) کا63 ویں یوم شہادت، شہید کے مزار پر پاک فوج کے چاق وچوبند دستے نے سلامی پیش کی

112

بورے والا، 08اگست (اے پی پی): پاک فوج کے سپوت میجر طفیل محمد شہید(نشان حیدر) کا 63واں یوم شہادت عقیدت و احترام سے منایا گیا۔ اس موقع پر طفیل آباد میں شہید کے مزار پر ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں جنرل آفیسر کمانڈنگ میجر جنرل منیرالدین کی قیادت میں پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے مزار پر سلامی پیش کی، چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر محمود باجوہ کی جانب سے پھولوں کی چادر چڑھائی گئی اور ملکی دفاع وسلامتی کے لئے خصوصی دعا کے ساتھ شہید کی لازوال قربانی کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔

 میجر طفیل شہید 1914کوبھارت کے ضلع ہوشیار پور میں پیدا ہوئے وہ 22جولائی 1932کو 16پنجاب رجمنٹ(بھارت) میں بھرتی ہوئے اور1943کو میجر عہدہ پر کمیشن حاصل کیا، 7اگست کو مشرقی پاکستان کے علاقہ لکشمی پور میں جب بھارتی فوج نے لکشمی پور چوکی پر قصبہ کر لیا تومیجر طفیل شہید نے بھارتی سور ماﺅں کو ناکوں چنے چبوا کر لکشمی پور کی اس چوکی کو واگزار کروا لیا، اس جنگ کے دوران بھارتی فوج کا ایک گولہ سینے پر لگنے سے میجر طفیل شہید زخمی ہو گئے لیکن اس مرد آہن نے زخمی ہونے کے باوجود ہمت نہ ہاری اور اپنی آہنی ٹوپی دشمن فوج کے کمانڈر کے سرپر مار کر اُسے جہنم واصل کر دیا، دشمن وہاں اپنی4نعشیں اور تین قیدی چھوڑ کر فرار ہو گیا۔

 میجر طفیل شہید نے بھی اس فتح کے بعد جام شہادت نوش فرمایا، میجر طفیل شہید کا نام آج بھی زندہ ہےہر سال انکے یوم شہادت اور یوم دفاع کے موقع پر اُنکے مزار پر پاک فوج کا دستہ شہید کی جرات اور بہادری کو سلام پیش کرنے کے لیے اُنکے مزار پر حاضری دیتا ہے۔