ملتان،10 اگست (اے پی پی ):سی پی او ملتان منیر مسعود مارتھ کی ہدایت پر ملتان پولیس کی طرف سے محرم الحرام کے دوران امن و امان کے قیام کو یقینی بنانے کے لیے فلیگ مارچ کیا گیا۔فلیگ مارچ کا مقصد شہریوں کو یہ پیغام دینا ہے کہ ان کے جان و مال کے تحفظ کے لیے پولیس ہمہ وقت تیار ہے۔
اس موقع پر سی پی او ملتان منیر مسعود مارتھ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ محرم الحرام کے دوران امن و امان کے قیام کو یقینی بنانے کے لیے سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جلوس اور مجالس کے دوران حکومت کی طرف سے ضابطہ اخلاق کی پابندی کی جائے گی۔ امام بارگاہوں اور جلوس روٹس کے گردونواح میں سرچ آپریشن کروائے جا رہے ہیں۔ سب ڈویژن کی سطح پر ٹیمیں جلوس کے روٹس پر اہم امام بارگاہوں کے قریب، جنرل بس اسٹینڈ اور ریلوے اسٹیشن وغیر ہ پر سرچ اپریشن کریں گی۔
سی پی او ملتان نے کہا کہ تمام مجالس اور جلوسوں کی نگرانی کے لیے کنٹرول قائم کیا گیا ہے جہاں تمام مجالس اور جلوسوں کی سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے مانیٹرنگ کی جائے گی تمام جلوسوں اور مجالس کی ڈرون کیمروں کے ذریعے ویڈیو کوریج کی جائے گی ،اسپیشل برانچ اور سنیفر ڈوگز کے ذریعے تمام مجالس اور جلوس سے پہلے علاقہ کی ٹیکنیکل سویپنگ کرائی جائے گی، تمام اہم مجالس پر واک تھرو گیٹ لگائے جائیں گے، شہر بھر کے داخلی اور خارجی مقامات کی موثر ناکہ بندی کر کے شہر میں داخل والے افراد کو چیک کیا جائے گا،کرونا وائرس کے پیش نظر حکومت پنجاب کے احکامات پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے گا۔
سی پی او ملتان نے عوام سے بھی اپیل کی کہ محرم الحرام کے دوران امن و امان کے قیام کو یقینی بنانے کے لیے پولیس اور دیگر اداروں کے ساتھ تعاون کریں ،آپس میں محبت اور بھائی چارہ کاثبوت دیں اور تحمل اور برداشت کا مظاہرہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ مشکوک افراد اور مشکوک سرگرمی کی صورت میں فوری طور پر ایمرجنسی ہیلپ لائن 15 یا متعلقہ تھانے کو دے کر ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دیں ۔
فلیگ مارچ میں ڈی ایس پیز، ایس ایچ اوز ، ٹریفک پولیس، ایلیٹ فورس، ڈولفن فورس اور محافظ اسکواڈ کے افسران فلیگ مارچ میں شامل ہوئے، فلیگ مارچ پولیس لائنز ملتان سے شروع ہوکر شہر کے مختلف علاقوں سے ہوتا ہوا پولیس لائنز ملتان میں اختتام پذیر ہوا۔











