ملتان، 17 اگست (اے پی پی): شہر اولیاء کی اہم شاہراہ نانڈلہ چوک تا سیوڑہ چوک کو دوراہیہ کرنے کا کام جاری ہے ،زیر تعمیر سڑک پر اسفالٹ ڈالنے کا آغاز کردیا گیا ہے۔
کمشنر جاوید اختر محمود نے سڑک کی تعمیر کا جائزہ لینے کیلئے سائٹ کا دورہ کیا۔ کمشنر جاوید اختر محمود نے کہا کہ سیوڑہ چوک پر 450 سے زائد مولسری، تبوبیا کے تیار درخت لگائے گئے ہیں،ملتان انٹرنیشنل ائیرپورٹ کو ہیڈ محمدوالہ سے ملانے والی اہم شاہراہ کی کشادگی جاری ہے ۔انہوں نے کہا کہ 1 ایک ہفتے میں سٹیٹ آف دی آرٹ سڑک بنا کر شہریوں کو تحفہ دیں گے، نالہ پر میڈین بنا کر مقامی اقسام کے 400 تیار درخت لگانے کا وعدہ پورا کردیا ہے۔
مقررہ وقت میں سڑک کی تعمیر پر کمشنر نے ڈائریکٹر ایم ڈی اے کو شاباش دی۔ جی ڈی ایم ڈی اے قیصر سلیم نے کہا کہ 1.60 کلومیٹر زیر تعمیر سڑک پر 7 کروڑ 80 لاکھ روپے لاگت آئی ہے،32 فٹ سے سڑک بڑھا کر 46 فٹ کی گئی ہے ، سڑک پر 36 سٹریٹ لائٹس پولز لگائے جارہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ شہر کی اہم شاہراہوں، سروس روڈز کی حالت بہتر کرنا اولین ترجیح ہے۔
چئیرمین ایم ڈی اے رانا عبدالجبار نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب اس خطے کی ترقی کے خواہاں ہیں ۔انہوں نےکہا کہ ایم ڈی اے شہر کی ترقی بارے عملی اقدامات کررہا ہے۔
اس موقع پر ڈائریکٹر انجنئیرنگ غلام نبی اور دیگر ایم ڈی اے افسران بھی موجود تھے۔











