وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار اور وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کی ملاقات، باہمی دلچسپی کے امور، سیاسی صورتحال اورامن عامہ پر تبادلہ خیال کیا گیا

12

لاہور،27 اگست (اے پی پی ): وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار  اور وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کے  درمیان  جمعہ  کو  یہاں  ملاقات  ہوئی ، ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، سیاسی صورتحال اورامن عامہ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک نازک دور سے گزر رہا ہے،خطے کی بدلتی صورتحال کے تناظر میں پہلے سے زیادہ اتفاق، اتحاد اور یکجہتی کی ضرورت ہے،موجودہ حالات میں اپوزیشن جماعتیں ڈیڑھ انچ کی مسجد بنا کر منفی سیاست کر رہی ہیں،ان لوگوں کو عوام کے مسائل سے کوئی د لچسپی نہیں، منفی رویے اور انتشار کی سیاست ملک کی یکجہتی اور استحکام کیلئے نقصان دہ ہیں۔

وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ قومی مفادات کے خلاف مصروف عمل عناصر کو اتحاد کی قوت سے روکنا ہوگا،ملک کی مضبوط ہوتی معیشت کو کرپٹ ٹولے کی منفی سیاست کی نذر نہیں ہونے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں عوام کے جان ومال کے تحفظ کیلئے تمام ضروری اقدامات کیے ہیں اور قانون کی عملداری کو یقینی بنایاگیا ہے۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے کہا ہے کہ پنجاب کے ہر شہر اوردیہات کی یکساں ترقی ہمارا ویژن ہے، صوبے کے مالی امور میں شفافیت اورانتظامی امور میں میرٹ ہمار ا نصب العین ہے،عوام سے کیے گئے وعدے پورے کررہے ہیں اور ہر شہری کو صحت،تعلیم کے یکساں اور ترقی کے مساوی مواقع فراہم کرنے کیلئے کوشاں ہیں اور ہر وہ کام کررہے ہیں جس کا براہ ر است فائدہ عوام کوپہنچے۔ انہوں نے کہا کہ کبھی زبانی جمع خرچ نہیں کیا،نمائشی منصوبوں کی بجائے عملی اقدامات پر یقین رکھتے ہیں، ماضی میں ترقی محض کاغذوں میں تھی،اب ترقی زمین پر نظر بھی آتی ہے،تنقید برائے تنقید کرنے والے ہوش کے ناخن لیں۔الزامات کی سیاست کبھی کی ہے نہ کریں گے،  منفی سیاست کا جواب عوام کی خدمت سے دیا ہے اوردیتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصا ف کی حکومت نئی نسلوں کو پرامن، روشن اورخوشحال پاکستان دے گی۔

وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان کی حکومت نے افغان ایشو پر مثبت کردار ادا کیا ہے ، حکومت پہلے سے زیادہ مضبوط ہے،اپوزیشن جماعتوں کی رہی سہی ساکھ ختم ہو چکی ہے-انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت راولپنڈی کے عوام کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کررہی ہے،اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم اور حکومتی اقدامات کی بدولت ملک میں امن وعامہ کی صورتحال اطمینان بخش ہے،وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی قیادت میں پنجاب حکومت کے عوامی مسائل حل کرنے کے لئے اقدامات قابل ستائش ہیں۔