وزیر اعلیٰ پنجاب صوبہ بھر میں اوقاف کے زیر انتظام درباروں او مساجد کی تزئین و آرائش اورتحفظ و بحالی پر کاربند عمل ہیں؛ سید سعید الحسن شاہ

28

لاہور، 27اگست(اے پی پی ): وزیر اوقاف سید سعید الحسن شاہ نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب صوبہ بھر میں اوقاف کے زیر انتظام درباروں او مساجد کی تزئین و آرائش اورتحفظ و بحالی پر کاربند عمل ہیں، اس سلسلہ میں 700ملین روپی کی خطیر رقم سے اسے تیزی سے پایہ تکمیل کیا جا رہا ہے۔

ان خیالات کا  اظہار انہوں نے  محکمہ اوقاف و مذہبی امور پنجاب نے والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی کے ساتھ ایک مفاہمتی پر دستخط کرنے کیلئے دربار حضرت میاں میرؒ کے احاطہ میں منعقدہ  تقریب  سے خطاب میں کیا۔سیکرٹری اوقاف و مذہبی امور نبیل جاوید اور ڈائریکٹر جنرل والڈ سٹی اتھارٹی کامران لاشاری نے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے۔

اس موقع پر سیکرٹری/چیف ایڈمنسٹریٹر اوقاف پنجاب نبیل جاوید،ڈی جی والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی کامران لاشاری، وائس چیئرمین پنجاب انسٹیٹیوٹ آف قرآن اینڈ سیرت سٹڈیز محمد حنیف، ڈائریکٹر جنرل مذہبی امور ڈاکٹر طاہر رضا بخاری، توصیف خواجہ چیف ایگزیکٹو آغا خان ٹرسٹ فار کلچر سٹڈیز، آرکیٹیکٹ کامل خان ممتاز، نیئر علی دادا، راشد مخدوم، اسلم ترین، ڈی جی آرکیالوجی، اخوت اور مدینہ فاؤنڈیشن کے نمائندگان، آصف ظہیر، نجم الثاقب اور محکمہ اوقاف کے ڈائریکٹرز صاحبان بھی موجود تھے۔

سیکرٹری اوقاف و مذہبی امور نبیل جاوید نے اپنے خطاب میں متفقہ جامع پروگرام پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ محکمہ اوقاف و مذہبی امور نے اپنے زیر تصرف ایسی مذہبی عمارتوں کی جمالیات اور تزئین و آرائش کی بحالی میں مستند مقام رکھنے والے ادارے والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی کے ساتھ مل کر ایک تعمیراتی پروگرام تشکیل دیا ہے جس میں ایسے تمام مزارات کی عمارتوں کی بحالی، تزئین و آرائش، ان کے انتظامات کی بہتری، زائرین کیلئے سہولیات کی فراہمی اور سیاحوں کیلئے توجہ کے مراکزقرار دینے کیلئے مراحلہ وار کام کیے جائینگے۔  اولین مرحلے میں لاہور میں دربار حضرت میاں میرؒ، دربار حضرت شاہ حسینؒ اور برکت علی اسلامیہ ہال کی تزئین و آرائش کی بحالی کیلئے رواں مالی سال میں حکومت پنجاب کے تعاون سے وسطی پنجاب کیلئے سات کروڑ پچاس لاکھ روپے کی خطیر رقم مختص کی گئی ہے جبکہ اگلے سال دو کروڑ پچاس لاکھ روپے خرچ کیے جائینگے۔

 علاوہ ازیں دربار خواجہ غلام فریدؒ  کوٹ مٹھن پر سات کروڑ روپے، دربار بابا فریدؒ پاکپتن پر سات کروڑ پینسٹھ لاکھ روپے جبکہ شاہ رکن عالمؒ، بہاؤالحق زکریا ملتانیؒ، شاہ شمس ملتان ؒ اور راستی بی بیؒ کے مزارات کی تزئین و آرائش کی بحالی اور بہتر سہولیات کی فراہمی کیلئے رواں سال چھ کروڑ روپے خرچ کیے جائینگے جبکہ اگلے مالی سال میں جنوبی پنجاب کے مزارات پر مزید چار کروڑ روپے کی رقم مختص کی گئی ہے۔