پنجاب حکومت محمد تقی، یوسف علی، مشتاق احمد، محمد حسن اور علی درانی جیسے نوجوانوں کی حوصلہ افزائی جاری رکھے گی، وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار

22

لاہور، 23 اگست (اے پی پی ):  وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے آکسیجن کے بغیر کے ٹو چوٹی سرکرنے والے بلتستان کے کوہ پیماؤں نے ملاقات کی ۔وزیر اعلی سے ضلع گانچھے کے نواحی علاقے سے تعلق رکھنے والے کوہ پیماؤں کے ٹیم لیڈر محمد تقی، یوسف علی، مشتاق احمد، محمد حسن اور علی درانی نے وزیر اعلی آفس میں ملاقات کی ۔وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے کوہ پیماؤں کو 10 لاکھ روپے کاچیک دیا اور بغیر آکسیجن کے ٹو چوٹی سر کرنے پر کوہ پیماؤں کو مبارکباددی۔انہوں نے کہا کہ وسائل کی کمی کے باوجود اپنی ہمت اور صلاحیتوں سے کے ٹو کی چوٹی سر کر نا قابل فخر کارنامہ ہے آپ جیسے باہمت نوجوان قوم کا اثاثہ ہیں کے ٹو سر کرنے والے بلتستانی کوہ پیماہ پاکستان کا فخر ہیں -باصلاحیت نوجوانوں کی حوصلہ افزائی ضروری ہے -انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت محمد تقی، یوسف علی، مشتاق احمد، محمد حسن اور علی درانی جیسے نوجوانوں کی حوصلہ افزائی جاری رکھے گی-کوہ پیمائی بلند ہمت نوجوانوں کاکھیل ہے،آپ نے قابل تقلید مثال قائم کی آپ کی مزید کامیابیوں کے لئے دعا گو ہوں -اس موقع پر ٹیم لیڈر کوہ پیماہ محمد تقی نے کہا کہ وزیراعلیٰ عثمان بزدا رنے وزیر اعلی آفس بلا کر ہمیں عزت دی اور ہماری حوصلہ افزائی کی ہے-پنجاب حکومت کی طرف سے حوصلہ افزائی ہمارے عزم کو مزید بڑھائے گی-صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد، پرنسپل سیکرٹری وزیر اعلی، سیکرٹری صحت اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔