ہم 14 اگست پر اس عزم کی تجدید کرتے ہیں کہ کمزور طبقے کا سہارا، کشمیریوں کے ساتھ یکجہتی اور آزادی صحافت کیلئے کام کریں گے؛ وزیر مملکت فرخ حبیب

15

اسلام آباد،13اگست  (اے پی پی):وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ 14 اگست پر اسی عزم کو دہرانا ہے کہ ہم مظلوم کشمیریوں اور فلسطینوں  کے  ساتھ کھڑے ہیں۔

وہ جمعہ کو نیشنل پریس کلب میں ملی نغمہ کے اجراء کی تقریب سے خطاب کر  رہے تھے ۔ وزیر مملکت فرخ حبیب نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں کو مشکلات کا سامنا ہے،مودی نے آر ایس ایس نظریے کے تحت مقبوضہ کشمیر کو دنیا کی سب ے بڑی جیل بنا دیا ہے، 14 اگست پر اسی عزم کو دوہرانا ہے کہ ہم مظلوم کشمیریوں اور فلسطینوں  کے  ساتھ کھڑے ہی۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان ریاست مدینہ کے اصول کو آگے بڑھارہے ہیں، ملک میں عدل و انصاف اور طاقتور کو قانون کے تابع پارہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ریاست کے چوتھے ستون اور میڈیا ورکرز کی بہتری کے لئے کام کررہے ہیں، صحافیوں کو کامیاب جوان پروگرام میں شامل کررہے ہیں، اس سے صحافیوں کو پائوں پر کھڑا ہونے کا موقع ملے گا، پاکستان میڈیا ڈویلپمنٹ اتھارٹی پر کام کررہے ہیں، صحافیوں، مالکان، ایڈیٹرز سمیت ہر سٹیک ہولڈر کو اعتماد میں لے رہے ہیں، میڈیا کمپلینٹ کونسل بنا رہے ہیں، صحافتی تنظیموں کو بھی اسکا حصہ بنائیں گے۔