کراچی، 06 ستمبر(اے پی پی): 6 ستمبر اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ نے شہید میجر معیز بیگ کی رہائشگاہ پر ان کے والد سے ملاقات کی۔ اس موقع پر حلیم عادل شیخ نے شہید میجر معیز بیگ کی وطن عزیز کی خاطر قربانی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوے ان کے والد کو پاکستانی پرچم اور گلدستہ پیش کیا۔
حلیم عادل شیخ نے اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوے کہا کہ میجر معیز شہید جنوبی وزیرستان میں دہشت گردوں سے لڑتے ہوے شہید ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے ان ہیروز پر فخر ہے، پی ٹی آئی نے سندھ میں شہداء کو سلام پیش کرنے کا سلسلہ شروع کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم یوم دفاع پر شہداء کے والدین کو خراج تحسین پیش کررہے ہیں۔
حلیم عادل شیخ نے کہا کہ پوری قوم کی حفاظت کے لے سرحدوں پر ہمارے محافظ جاگ رہے ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا ک سیاسی دشمنی میں چند لوگ ہماری فوج پر الزام لگاتے ہیں،فوج مضبوط نہ ہوتی تو یہ ملک مستحکم نہیں ہوتا،فوج کا جذبہ دیکھ کر انہیں سلام پیش کرتا ہوں۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوے شہید میجر معیز بیگ کے والد نے کہا کہ شہید کی موت قوم کی حیات ہے،تمام لوگوں سے کہوں گا فوج کے خلاف بات نہ کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسی فوج کی وجہ سے ملک قائم و دائم ہے اور مجھے اپنے بچے کی شہادت پر فخر ہے،ہم ہر حال میں اپنی افواج کے ساتھ کھڑے ہیں۔
دریں اثنا اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ نے شہید میجر معیز مقصود بیگ کے مزار پر حاضری دی، فاتحہ خوانی کی اور پھول چڑھائے۔ اس موقع پر میجر معیز مقصود شہید کے والد بھی ان کے ہمراہ تھے۔











