جنوبی پنجاب کے تاریخی اور ثقافتی ورثے کے تحفظ کے لئے مختلف منصوبوں پر کام جاری ہے؛ ایڈیشنل چیف سیکرٹری کیپٹن(ر) ثاقب ظفر

7

ملتان، 27ستمبر(اے پی پی ):ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب کیپٹن(ر) ثاقب ظفر نے کہا ہے کہ جنوبی پنجاب کے تاریخی اور ثقافتی ورثے کے تحفظ کے لئے مختلف منصوبوں پر کام جاری ہے۔اس خطے کو سیاحوں کے لئے انتہائی پر کشش بنایا جائے گا۔

یہ بات انہوں نے بہاولپور میوزیم کی زیر تعمیر عمارت کے دورے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ڈائریکٹر بہاولپور میوزیم زبیر ربانی اور بلڈنگ ڈیپارٹمنٹ کے انجنئیرز بھی انکے ہمراہ تھے۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب نے کہا کہ  بہاولپور میوزیم کے خوبصورتی اور سر صادق محمد خان میموریل گیلری کی تعمیر  کے منصوبے پر7 کروڑ روپے خرچ کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ  زندہ قومیں اپنی تاریخ اور ثقافت کو ہمیشہ زندہ رکھتی ہیں۔وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار جنوبی پنجاب کے تاریخی اور ثقافتی ورثے کے تحفظ اور یہاں  سیاحت کے فروغ کے لئے کوشاں ہیں۔

ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب کیپٹن(ر) ثاقب ظفر نے کہا کہ بہاولپور میوزیم اس خطے کی تہذیب و ثقافت، دستکاریوں اور فنون کے لئے اہم کردار ادا کرہا ہے،میوزیم کے زیر تعمیر منصوبے کی تکمیل کے بعد نوادرات میں اضافہ کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ملتان میں میوزیم کی تعمیر کے منصوبے پر بھی پیش رفت جاری ہے اور جلد اس منصوبے پر کام کا آغاز کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ فورٹ منرو اور دیگر مقامات پر ٹورسٹ ریزارٹ کے منصوبوں پر کام جاری ہے تاکہ یہاں  آنیوالے سیاحوں کو تفریح کے لئے سہولیات فراہم کی جاسکیں۔اس اقدام سے مقامی افراد کے لئے  روزگار کے مواقع بھی میسر آئیں گے۔

کیپٹن ر ثاقب ظفر نے کہا کہ چولستان اور تھل ڈیزٹ ریلی جیسے مزید ایونٹس اور میلوں کو فروغ دیا جائے گا۔

قبل ازیں ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب کیپٹن ر ثاقب ظفر نے زیر تعمیر سر صادق  محمد خان میموریل گیلری کا جائزہ لیا اور  میوزیم کے فرنٹ ایلیویشن کو خوبصورت بنانے کی ہدایت کی اور کہا کہ میوزیم کے بیرونی حصے کو اس طرح ڈھالا جائے کہ اس میں بہاولپور کی قدیم عمارتوں کی طرز تعمیر کا عکس نظر آئے۔انہوں نے کہا کہ بہاولپور میوزیم کی تعمیر کے لئے تمام مطلوبہ فنڈز جاری کردئے گئے ہیں۔انہوں نے ہدایت کی  کہ بہولپور میوزیم کے پراجیکٹ کو ہر صورت فروری2022 تک مکمل کیاجائے۔

یاد رہے کہ ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب کیپٹن ر ثاقب ظفر ترقیاتی منصوبے کی بروقت تکمیل کے لئے جنوبی پنجاب کے اضلاع میں شروع کی گئ مختلف سکیموں کو خود چیک کررہے ہیں۔ سول سیکرٹریٹ میں چھٹی کے باوجود انہوں نے ہفتہ اور اتوار کو مختلف منصوبوں کا دورہ کیا۔