حکومت آزاد تجارتی معاہدوں اور ترجیحی تجارتی معاہدوں کے ذریعے مقامی تاجروں اور صنعت کے لئے نئی اور بہتر مارکیٹوں تک رسائی حاصل کرنے کے لئے کوشاں ہے، صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی جھنگ چیمبر آف سمال ٹریڈرز اینڈ سمال انڈسٹری کے وفد سے ملاقات میں گفتگو

15

اسلام آباد،27ستمبر  (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ تاجروں اور صنعتی شعبے کی ملک میں معاشی اور تجارتی سرگرمیوں کو وسعت دینے میں سہولت کے لئے سازگار ماحول فراہم کرنے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں، حکومت بھرپور تجارتی سفارت کاری کر رہی ہے اور ایس ایم ایز کی حوصلہ افزائی اور مضبوطی کے لئے آزاد تجارتی معاہدوں اور ترجیحی تجارتی معاہدوں کے ذریعے مقامی تاجروں اور صنعت کے لئے نئی اور بہتر مارکیٹوں تک رسائی حاصل کرنے کے لئے کوشاں ہے۔ صدر نے ان خیالات کا اظہار جھنگ چیمبر آف سمال ٹریڈرز اینڈ سمال انڈسٹری (جے سی ایس ٹی اینڈ ایس آئی) کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جس نے چیمبر کے صدر لیاقت علی ملک کی قیادت میں پیر کو یہاں ایوان صدر میں ان سے ملاقات کی۔ وفد میں سینئر نائب صدر جھنگ چیمبر آف سمال ٹریڈرز اینڈ سمال انڈسٹری محمد عدنان سرور ، نائب صدر عبدالقیوم اور چیمبر کے ایگزیکٹو ممبران شامل تھے۔جھنگ چیمبر آف سمال ٹریڈرز اینڈ سمال انڈسٹری کے صدر لیاقت علی ملک نے صدر مملکت کو ملازمت کے مواقع پیدا کرنے میں چیمبر کے کردار سے آگاہ کیا اور جھنگ کے تاجروں کے لئے صنعتی اسٹیٹ کی منظوری پر حکومت کی تعریف کی۔ وفد سے گفتگو کرتے ہوئے صدرِ مملکت نے کہا کہ ملک کے کاروباری ماحول کو بہتر بنانے اور غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے کے لیے اصلاحات کا آغاز کیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت صنعتی شعبے کی مدد کے لیے جامع کوششیں کر رہی ہے تاکہ پیداواری لاگت کو کم کیا جا سکے اور پاکستانی تاجر بین الاقوامی منڈیوں میں مقابلہ کر سکیں۔ صدر نے کہا کہ حکومت نوجوانوں کو اپنے کاروبار قائم کرنے کی ترغیب دے رہی ہے اور اس سلسلے میں 100 ارب روپے کامیاب جوان پروگرام کے تحت مختص کیے گئے ہیں۔ انہوں نے چیمبر آف کامرس اور انڈسٹریز پر زور دیا کہ وہ تاجروں کی ٹیکس ادا کرنے کی حوصلہ افزائی میں اپنا کردار ادا کریں اور معیشت کو دستاویزی شکل دینے کے حوالے سے حکومت کی کوششوں میں تعاون کریں۔ صدر عارف علوی نے ملک کی معاشی ترقی میں جھنگ چیمبر آف سمال ٹریڈرز اینڈ سمال انڈسٹری کے کردار کو سراہا اور وفد کو ان کے مسائل کے حل میں مدد کی یقین دہانی کرائی۔