سکھر؛محکمہ ٹرنسپورٹ اور محکمہ ہیلتھ کے زیر انتظام ڈرائیور اور کلینرز کو ویکسین لگوانے کا اہتمام کیا گیا

16

سکھر،27ستمبر(اے پی پی):محکمہ ٹرانسپورٹ کے زیر انتظام اور محکمہ ہیلتھ کے تعاون سے نیو بس ٹرمینل پر ڈرائیور اور کلینرز کو ویکسین کرانے کا اہتمام کیا گیا اور سیکڑوں ڈرائیوروں ،کلینرز اور مسافروں کو بھی ویکسین لگائی گئیں اور انہیں ایس او پیز پر مکمل عملدر آمد کرانے کی ہدایات دی گئیں، ویکسینیشن کیمپ کی نگرانی محکمہ ٹرانسپورٹ سکھر کے آر ٹی او فیاض احمد منگی نے کی۔

محکمہ ہیلتھ سکھر کے افسران نے بتایا کہ سندھ حکومت کے جاری انتہائی سخت احکامات کے بعد گاڑیوں کی چیکنگ کرتے ہوئے ایس او پیز سمیت کورونا ویکسین نہ کرانے والے ڈرائیور و کلینرز کے خلاف کاروائی کے بعد ڈرائیوروں اور کلینرز کی سہولیات کیلئے یہ کیمپ لگایا گیا ہے تاکہ انہیں ویکسین کے حوالے سے در پیش مشکلات سے نجات دلائی جائے ۔

آر ٹی او سکھر فیاض منگی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت کے احکامات پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائیگا،خلاف ورزی کرنے والی گاڑیاں بند اور چالان کی جائینگی۔ محکمہ ٹرانسپورٹ کی جانب سے ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد کرایا جائیگا اورخلاف ورزی کی کسی کو اجازت نہیں دینگے۔