دس سال میں دس ڈیم بنائیں گے، گومل زام ڈیم 2 لاکھ ایکڑ زمین کو سیراب کرے گا؛ وزیراعظم عمران خان

46

ڈیرہ اسماعیل خان،23ستمبر  (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان نے ملک اور عوام کی ترقی کیلئے اگلے انتخابات کا نہیں اگلی نسلوں کا سوچنا ہوگا، بڑھتی ہوئی آبادی کی ضروریات پوری کرنے کیلئے زرعی پیداوار میں اضافہ کرنا ہوگا، پانی ذخیرہ کرنے، پانی کے بہتر استعمال، بنجر زمینیں قابل کاشت بنانے  اور زرعی تحقیق پر توجہ دینا ہوگی، دس سال میں دس ڈیم بنائیں گے، گومل زام ڈیم 2 لاکھ ایکڑ زمین کو سیراب کرے گا۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار جمعرات کو یہاں کسان کنونشن اور کسان کارڈ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیر اعظم   نے  کہا کہ  جن علاقوں میں پانی کی کمی ہے اور زمینیں بنجر پڑی ہیں، ان پر ماضی میں توجہ نہیں دی گئی، اب پانی ذخیرہ کرنے اور پانی کے بہتر استعمال پر توجہ دی جا رہی ہے، 50 سال کے بعد ملک میں 10 بڑے ڈیم بنائے جا رہے ہیں، اس وقت پانی ذخیرہ کرنے کی استعداد 14 ملین ایکڑ فٹ ہے جسے 25 ملین ایکڑ فٹ تک بڑھایا جائے گا، فصلوں کی پیداوار کیلئے پانی کا بہتر استعمال ضروری ہے۔