اسلام آباد،05نومبر(اے پی پی)؛ وزیراعظم کے مشیر محمد علی کی زیر صدارت نجکاری کمیشن بورڈ کا اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں گوجرانوالہ الیکٹرک پاور کمپنی (گیپکو) کی نجکاری سمیت مختلف اداروں کی نجکاری کے عمل میں پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔
نجکاری کمیشن بورڈ نے گیپکو کے 51 سے 100 فیصد شیئرز اور انتظامی کنٹرول کی منتقلی کے لیے موصول ہونے والی 11 درخواستوں میں سے 9 کمپنیوں کو پری کوالیفائی کر لیا۔ پری کوالیفائی ہونے والی کمپنیوں میں ترکیہ کی تین جبکہ پاکستان کے چھ بڑے کاروباری گروپس شامل ہیں۔
ترکیہ کی ایکٹور الیکٹرک، گینویرا انرجی اور چنگیز انرجی پری کوالیفکیشن کے مرحلے میں کامیاب قرار پائیں، جبکہ پاکستان سے اینگرو انرجی، حب پاور، سفائر، شیرازی انویسٹمنٹس، آرٹسٹک ملنرز اور اے کے ڈی سیکورٹیز کو پری کوالیفائی کیا گیا۔
کے الیکٹرک نے گیپکو کی نجکاری کی دوڑ سے اپنی درخواست باضابطہ طور پر واپس لے لی، جبکہ الشریف کنٹریکٹنگ مطلوبہ دستاویزات فراہم کرنے میں ناکام رہی۔پری کوالیفائی ہونے والی 9 کمپنیاں جلد ورچوئل ڈیٹا روم کے ذریعے گیپکو کے ڈیو ڈیلیجنس کا عمل شروع کریں گی۔
اجلاس میں اسلام آباد، کراچی اور لاہور ایئرپورٹس کی آؤٹ سورسنگ کے معاملے پر بھی اہم پیش رفت ہوئی اور نجکاری کمیشن بورڈ نے تینوں بڑے ہوائی اڈوں کی آؤٹ سورسنگ کے لیے مذاکراتی کمیٹی کی ازسرنو تشکیل کی منظوری دے دی۔
اجلاس میں زرعی ترقیاتی بینک (ZTBL) اور ہاؤس بلڈنگ فنانس کمپنی لمیٹڈ (HBFCL) کی نجکاری کے عمل کو تیز کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ نجکاری کمیشن نے ٹرانزیکشن ایڈوائزرز کو دونوں اداروں کی نجکاری کا عمل فاسٹ ٹریک کرنے کی ہدایت کی۔
نجکاری کمیشن کے ترجمان کے مطابق تمام نجکاری کے عمل کو شفاف، مسابقتی اور پیشہ ورانہ انداز میں مکمل کیا جائے گا۔











