اسلام آباد،24ستمبر (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان نے جمعہ کو یہاں ڈیجیٹل میڈیا ڈیویلپمنٹ پروگرام کے تحت نوجوانوں کیلئے ڈیجیٹل میڈیا انٹرن شپ کے آغاز کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ دنیا میں دو طرح کے لوگ ہوتے ہیں ایک وہ جو صرف اپنے لئے سوچتے ہیں اور دوسرے وہ جو اپنے ملک کو انسانوں کیلئے سوچتے ہیں۔ دنیا انہی لوگوں کو یاد رکھتی ہے جو انسانوں کیلئے کچھ کرتے ہیں۔ وزیراعظم نے اینٹرن شپ حاصل کرنے والے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ پاکستان کے وژن اور مقاصد کو آگے بڑھائیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بنانے کا مقصد ایک ایسا ملک بنانا تھا جو مثالی اسلامی ریاست بنے، اسلامی ریاست خوددار ہوتی ہے کسی کے آگے جھکتی نہیں ہے، ہمیں ایک خوددار قوم بننا ہے، اسلامی ریاست کی دوسری خصوصیت انسانیت کا احساس ہوتی ہے، ہماری حکومت نے اسی احساس کے تحت احساس پروگرام شروع کیا کیونکہ جس معاشرے میں انسانوں کا احساس نہیں ہوتا وہ انسانوں کا نہیں جانوروں کا معاشرہ ہوتا ہے۔











