روس ، چین ، پاکستان اور ایران کا افغانستان میں پرامن زندگی کی واپسی اور معاشی بحالی کی ضرورت پر زور

8

دوشنبے، 16 ستمبر(اے پی پی ): روس  ،  چین ، پاکستان کے  وزراء خارجہ اور ایران کے نائب وزیر نے افغانستان میں انسانی اور سماجی ومعاشی پیچیدہ صورتحال اور خطے میں مہاجرین کی یلغار کے خطرات پر اپنی تشویش کا اظہار  کرتے  ہو ئے افغانستان میں پرامن زندگی کی واپسی اور معاشی بحالی کی ضرورت پر زور دیا ہے ۔

شنگھائی تعاون تنظیم  (ایس۔سی۔او) اور اجتماعی سلامتی سمجھوتہ تنظیم  (سی۔ایس۔ٹی۔او) کے سربراہ اجلاسوں کے انعقاد کے موقع پر روسی فیڈریشن، عوامی جمہوریہ چین   اور اسلامی جمہوریہ پاکستان کے وزراء خارجہ اور اسلامی جمہوریہ ایران کے نائب وزیر کی دوشنبے میں اجتماعی ملاقات ہوئی ۔دوران ملاقات افغانستان کی ابھرتی ہوئی صورتحال اور خطے میں امن و استحکام کے حوالے سے خصوصی تبادلہ ء خیال ہوا۔

شرکاء نے افغانستان اورمجموعی طور پر خطے میں امن، سلامتی اور استحکام کے فروغ کے لئے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔وزراء  کیجانب  سے  افغانستان میں قومی مفاہمت اور اجتماعیت کی حامل حکومت کی ضرورت پر زور دیا گیا جو ملک کی تمام نسلی وسیاسی قوتوں کے مفادات کو مدنظر رکھے۔

دوران ملاقات افغانستان کی موجودہ صورتحال اور لاحق خطرات، خاص طورپر دہشت گردی کے پھیلاؤ اور منشیات کی ترسیل سے نمٹنے کے لئے مشترکہ کوششوں کی ضرورت پر زور دیا گیا ۔