اسلام آباد،21ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ سوشل میڈیا کے حوالے سےقوانین کا ازسرنو جائزہ لے رہے ہیں، قابل اعتراض ویڈیوز بنانے والوں کےخلاف کارروائی ہوگی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے سوشل میڈیا کا غلط استعمال کرنے والی کمپنیز کو بلاک کرنے اور قابل اعتراض مواد کو فوری طور پر ہٹانے کے حوالے سے فیصلہ وفاقی کابینہ کو ریفر کیا تھا، اس پر وفاقی کابینہ نے سوشل میڈیا کا غلط استعمال کرنے والی کمپنی کو بلاک کرنے اور قابل اعتراض مواد کو فوری طور پر ہٹانے کے حوالے سے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی کو پالیسی ڈائریکٹو دیئے۔ انہوں نے بتایا کہ سوشل میڈیا کے حوالے سے ہم دو جہتی حکمت عملی پر عمل کر رہے ہیں۔ ہم ان کمپنیوں کو گرفت میں لانے کیلئے اقدامات اٹھا رہے ہیں جو پورنو گرافی بالخصوص بچوں کے حوالے سے معاملات کو بلاک کرنے میں تاخیر کرتی ہیں۔ اس پر پی ٹی اے کام کر رہا ہے۔ اس کے علاوہ وہ افراد جو قابل اعتراض ویڈیوز بناتے ہیں، ان کے خلاف کارروائی کے لئے پیکا لاءمیں ترمیم کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے پی ایم ڈی اے میں بھی سوشل میڈیا رولز تجویز کئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ یہ بہت بڑا مسئلہ بن چکا ہے، ان قوانین کو از سر نو لایا جائے گا۔