عوامی نمائندے اپنے لوگوں کی فلاح و بہبود کیلئے قانون سازی کریں ، ہمیں اپنی ذات اور مفادات سے بالا تر ہو کر سوچنا ہے ،سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر

10

اسلام آباد,27ستمبر  (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ اسمبلی خاص قواعد اور ضوابط کے تحت چلتی ہے، منتخب ہونے والے ارکان اسمبلی کیلئے تربیتی کورسز انتہائی ضروری ہے ، پہلی بارکشمیر کے ممبران اسمبلی کے لئے تربیتی پروگرام رکھا گیا ہے ، ہمارا ادارہ آپ لوگوں کی معاونت کے لیے حاضر ہے ، عوامی نمائندے اپنے لوگوں کی فلاح و بہبود کیلئے قانون سازی کریں ۔ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے ڈائریکٹوریٹ جنرل آف میڈیا کی طرف سے جاری پریس ریلیز کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو یہاں پاکستان انسٹیوٹ آف پارلیمنٹری سروسز میں آزاد جموں کشمیر قانون ساز اسمبلی کے ارکان کے لیے پہلے تربیتی پروگرام کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہون نے کہا کہ سپیکر صوبائی اسمبلی ہوتے ہوئے خیبر پختونخوا کے ارکان کیلئے تربیتی کورسز رکھے اور 172 ایکٹ پاس کروا کر سب سے زیادہ قانون سازی کرنے والی اسمبلی کے پی کے کی اسمبلی کو بنوایا۔اسد قیصر نے کہا کہ پہلی بارکشمیر کے ممبران اسمبلی کے لئے تربیتی پروگرام رکھا گیا ہے ، منتخب ہونے والے ارکان اسمبلی کیلئے تربیتی کورسز انتہائی ضروری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اسمبلی ایک خاص قواعد اور ضوابط کے تحت چلتی ہے، خواتین ارکان کا بہت موثر اور اہم کردار ہوتا ہے۔ سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ بہت سے ممبران کو نہیں پتا تھا کہ بجٹ کیسے بنتا تھا، ہمارا ادارہ آپ لوگوں کی معاونت کے لیے حاضر ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی نمائندے اپنے لوگوں کی فلاح و بہبود کیلئے قانون سازی کریں ، ہمیں اپنی ذات اور مفادات سے بالا تر ہو کر سوچنا ہے۔ اسد قیصر نے کہا کہ خطے کی صورتحال بدل رہی ہے ، افغانستان میں امن سے معاشی مواقع پیدا ہوں گے ۔ سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ خطے میں امن کے قیام سے معاشی استحکام پیدا ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کی بے پناہ قربانیاں ہیں ، کشمیر کی آزادی کیلئے حریت رہنماوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائے گی ، بھارتی غیر قانونی قبضے میں کشمیر کے لیے آپ آواز اٹھائیں۔ اسد قیصر نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ کشمیری بھائیوں کی اخلاقی، سفارتی و سیاسی حمایت جاری رکھے گا۔