سکھر: ڈپٹی کمشنرکی چہلم امام حسین علیہ السلام کے سلسلے میں  انتظامات  پیشگی مکمل کرنے کی ہدایت

8

سکھر،27ستمبر(اے پی پی): ڈپٹی کمشنر سکھر جاویداحمد کی زیر صدارت چہلم امام حسین علیہ السلام کے انتظامات اور دیگر اہم امور کے سلسلے میں اجلاس ڈی سی آفس کے کمیٹی روم میں منعقد ہوا۔

ڈپٹی کمشنر سکھر جاوید احمد نے اجلاس میں کہا کہ ملکی حالات کے پیش نظر محرم الحرام کی طرح چہلم امام حسین علیہ السلام کے موقع پر انتظامیہ کی اولین ترجیح ہوگی کہ تمام انتظامات پیشگی مکمل کرلیے جائیں۔ علما کرام سکھر ضلع میں امن ، پیار، محبت اور برداشت کےفروغ سمیت اتحاد بین المسلمین کے لیے اپنا مثبت کردار ادا کریں ، سوشل میڈیا پر کسی بھی دل آزار شیئرنگ سے گریز کرنے کے لیے ہر سطح پر کلیدی کردار معاشرے کے لیے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔

اجلاس میں رینجرز کے کرنل عظیم نے کہا کہ ملکی حالات کے پیش نظر چہلم امام حسین علیہ السلام کے موقع پر علما کرام مجالس کے دوران اتحاد، بھائی چارے اور یگانگت کی فضا کو قائم رکھیں اور چہلم کے موقع پر مسائل کو حل کرنے کے لیے بھرپور تعاون کریں تاکہ ہر سطح پر پر امن فضا قائم ہوسکے۔

اجلاس میں شیعہ، سنی علما کرام سمیت پرمٹ ہولڈرز، تنظیموں کے عہدیداروں اور دیگر نے انتظامیہ کو مسائل سے آگاہ کیا۔

اجلاس میں ایس ایس پی سکھر عرفان سموں، رینجرز کے کرنل عظیم ، اے ڈی سی ون ، اسسٹنٹ کمشنرز، میونسپل کارپوریشن، لوکل گورنمنٹ سمیت دیگر متعلقہ محکموں کے افسران  نے شرکت کی۔