معاشرے میں بڑھتے ہوئے جنسی جرائم کی روک تھام اور سد باب کیلئے حکومت، اساتذہ اور علماء کرام کو مل کر کام کرنا ہوگا،وزیراعظم عمران خان کی علماء کرام کے وفد سے ملاقات میں گفتگو

4

کراچی۔27ستمبر  (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ معاشرے میں بڑھتے ہوئے جنسی جرائم کی روک تھام اور سد باب کیلئے حکومت، اساتذہ اور علماء کرام کو مل کر کام کرنا ہوگا۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق یہ بات انہوں نے پیر کو کراچی میں علماء کرام کے وفد سے ملاقات کے دوران کہی۔ اس موقع پر وفاقی وزراء علی زیدی، اسد عمر، گورنر سندھ عمران اسماعیل، سندھ اسمبلی میں قائدِ حزب اختلاف حلیم عادل شیخ اور سندھ کی قیادت بھی موجود تھی۔ علماء کرام نے وزیرِ اعظم کو قومی و بین الاقوامی سطح پر ناموسِ رسالت، اسلامو فوبیا، ختمِ نبوت اور امتِ اسلامی کے اتحاد کیلئے اٹھائے گئے اقدامات پر خراجِ تحسین پیش کیا۔ وفد نے وزیرِ اعظم کے ریاستِ مدینہ کے وژن کی تائید کرتے ہوئے مکمل حمایت کی یقین دہانی کرائی۔ وزیراعظم نے کہا کہ معاشرتی اصلاح کیلئے علماء کرام کا خصوصی کردار ہے، معاشرے میں بڑھتے ہوئے جنسی جرائم کی روک تھام اور سد باب کیلئے حکومت، اساتذہ اور علماء کرام کو مل کر کام کرنا ہوگا۔