لاہور۔5ستمبر (اے پی پی):سینیٹر اعجازاحمدچوہدری نے کہا ہے کہ ن لیگ کو کنٹونمنٹ بورڈ کے انتخابات میں عبرتناک شکست دیں گے، پی ٹی آئی نے ہر محاذپر کرپٹ مافیا کا ڈٹ کر مقابلہ کیا ہے،وزیراعظم عمران خان نے انتھک کاوشوں سے ملک کو بحرانوں سے نکال کرترقی کی راہ پر گامزن کردیا ہے، کینٹ کی باشعور عوام تحریک انصاف کے ساتھ ہے، کرپٹ مافیا جتنا مرضی چیخ لے پی ٹی آئی کی حکومت میں انہیں این آر اوکسی صورت نہیں ملے گا، کرپٹ اپوزیشن لانگ مارچ کا شوق بھی پوراکرکے دیکھ لے اسے شرمندگی اور ناکامی کے سواکچھ حاصل نہیں ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے والٹن کے وارڈ نمبر9 سے پارٹی کے نامزد امیدوار عظمت اللہ وڑائچ کی انتخابی مہم کے موقع پر پارٹی رہنمائوں مزمل مسعود بھٹی اور بلال بھٹی کی جانب سے منعقدہ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر غلام محی الدین دیوان، ہمایوں اختر خان، ناصر سلمان، روبینہ شاہین، ڈاکٹرسیمی بخاری، شیخ عامر مجید، تنزیلہ عمران، زریں رحمان، احداعوان، فاروق خان سمیت بڑی تعداد میں پارٹی عہدیداران و کارکنان موجود تھے۔ اعجازاحمدچوہدری نے کہاکہ اپوزیشن کے کرپٹ ٹولے کا مستقبل تاریک ہو چکا ہے، کرپٹ ٹولے کو آئندہ انتخابات میں بھی عبرتناک شکست ہوگی، کینٹ کی باشعور عوام ان کے جھانسے میں نہیں آئے گی، عوام ان کے سیاہ کرتوتوں سے اچھی طرح واقف ہیں، تحریک انصاف کی حکومت عوام کی معیار زندگی کو بہتر بنانے کیلئے ٹھو س اقدامات کررہی ہے،صحت، کفالت، کسان کارڈ عوام کے لئے کسی نعمت سے کم نہیں، پی ٹی آئی کی پہلی حکومت ہے جو غریب عوام کو گھر بنانے کے لئے پیسے فراہم کررہی ہے، ماضی میں حکمرانوں نے اپنے درباریوں کو نوازا ہے، بلاول زرداری اور شہبازشریف کو جھوٹ بولنے کی عادت پڑچکی ہے، پیپلزپارٹی نے سندھ کو اور ن لیگ نے اپنے دورحکومت میں ملکی اداروں کو تباہ کرنے کے سوا کچھ بھی نہ کیا، صرف اپنی اور اپنے خاندانوں کی جیبیں بھری ہیں، دونوں خاندانوں نے عوام کی بجائے صرف اپنی ترقی پر توجہ دی۔ بعدازاں اعجازاحمدچوہدری نے والٹن روڈ پر یوم دفاع کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی شہدا وطن اور سرحدوں کے محافظوں کو سلا م پیش کرتے ہیں، شہدا وطن نے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کئے آج انہی کی قربانیوں کی بدولت پاکستان امن کا گہوارہ ہے، پاکستانی قوم وطن کے دفاع کے لئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی،دشمن بھارت کو آج پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے کی جرات نہیں، افواج پاکستان ہر جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہے۔انہوں نے کہا کہ شہدا وطن کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ اعجازاحمدچوہدری کا مزید کہنا تھاکہ آج پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر ہے،پوری قوم کو اپنی افواج پر فخر ہے اور افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔











