وزیر اعظم نے اقوام متحدہ میں بھارتی مظالم اور کشمیر کے کیس کو بہترین طریقے سے پیش کیاہے؛ ملک امین اسلم

7

اٹک، 25 ستمبر   (اے پی پی): وزیر اعظم کے مشیر برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے ورچوئل خطاب میں ببانگ دہل اپنے ملک کے مفاد کی بات کرکے محب وطن لیڈر ہونے کا ثبوت دیا ہے، وزیر اعظم نے اقوام متحدہ میں بھارتی مظالم اور کشمیر کے کیس کو بہترین طریقے سے پیش کیاہے، ماحولیات کے شعبے میں کامیابی کی وجہ سے پاکستان کا نام پوری دنیا میں گونج رہا ہے۔

وہ حضرو کے گاؤں حمید میں 17ملین کی لاگت سے ڈرینج سسٹم اور واٹر فلٹریشن پلانٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کررہے تھے جس کا اہتمام ممتاز سیاسی شخصیت سابق کونسلر حاجی شعیب خان اور محمد احسان خان نے کیا تھا۔انہوں نے کہا کہ  عمران خان کی قیادت میں ڈاکوؤں اور مافیاز کے شکنجے سے نکل کر صحیح سمت پر چل پڑا ہے، قوم عمران خان کا ساتھ دیکر انہیں مزید مضبوط بنائے تاکہ وہ ملک و قوم کیلئے مزید بہتری لا سکیں۔

معاون خصوصی نے یونین کونسل حمید میں ترقیاتی منصوبوں اور مسائل کے حل کیلئے 25ملین گرانٹ کا اعلان کیااور کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کے کلین اینڈ گرین پروگرام کے تحت ہر یونین کونسل میں فلٹریشن پلانٹ فراہم کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ واٹر فلٹریشن پلانٹ اور ڈرینج سسٹم اہلیان حمید کیلئے وزیر اعظم عمران خان، حکومت پنجاب اور پی ٹی آئی کی جانب سے تحفہ ہے۔

 معاون خصوصی نے کہا کہ یہاں پر بہت بڑی ڈھن (جوہڑ) کی وجہ سے موضع حمید کا پانی خراب تھا اور لوگوں کو خاصی تکلیف تھی جس وجہ سے پینے کے صاف پانی کیلئے واٹر فلٹریشن پلانٹ فراہم کیا تاکہ یہاں سے ہزاروں بیماریاں ختم ہو سکیں۔انہوں نے  کہا کہ ہم عوام اور قوم کے بہترین مستقبل کی سیاست کررہے ہیں،یونین کونسل حمید کی اضافی آبادی میں سوئی گیس فراہم کریں گے، بجلی کا فنڈز منظور ہو چکا ہے اور باقی ماندہ تمام مسائل کے حل کیلئے 25ملین فراہم کئے جائیں گے۔

 تقریب سے حاجی شعیب خان حمیدی نے بھی خطاب کیا، قبل ازیں معاون خصوصی نے فلٹریشن پلانٹ کا افتتاح کیا اور ڈرینج سسٹم  پر بریفنگ حاصل کی۔