لاہور،8ستمبر (اے پی پی):وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ عوامی نمائندوں کے حلقوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پرحل کررہے ہیں، ہماری حکومت نے یکساں ترقی کاویژن دیا ہے، ہرضلع کی ترقی کے لئے خصوصی ترقیاتی پیکیج تیار کیاہے اور ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ پیکیج میں منتخب نمائندوں کی تجاویز کو اہمیت دی گئی ہے، 360ارب روپے کے ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ پیکیج سے ہر شہر میں یکساں ترقی ہوگی۔
وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارسے منڈی بہاؤالدین سے رکن قومی اسمبلی حاجی امتیاز احمد چوہدری اوررکن پنجاب اسمبلی محمد طارق تارڑ نے لاہور میں ملاقات کی۔ ملاقات میں منتخب نمائندوں نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو حلقوں کے مسائل سے آگاہ کیا جس پر وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے مسائل کے حل کیلئے موقع پر ہی احکامات جاری کیے۔
انہوں نے کہا کہ صوبے میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی خود نگرانی کررہا ہوں، تنقید برائے تنقید کی کبھی پرواہ نہیں کی،صرف عوام کی خدمت کا بیڑا اٹھایا ہے، نان ایشوز پر سیاست چمکانے والے ہر موقع پر ناکام او رمایوس رہے ہیں، آئندہ 2 برس میں عوام کی خدمت کے نئے ریکارڈ قائم کریں گے، اپوزیشن جماعتوں کے پاس کوئی پروگرام ہے نہ عوامی خدمت کا ایجنڈا اور موجودہ حالات میں منفی سیاست کی رتی بھر گنجائش نہیں، حزب اختلاف والے مایوس ہو چکے ہیں اور یہ عوام کو گمراہ نہیں کر سکتے یہ عناصر صرف سیاست چمکانے کی کوشش کررہے ہیں۔
رکن قومی اسمبلی حاجی امتیاز احمد چوہدری نے کہا کہ آپ کی قیادت میں پنجاب حکومت نے بے مثال ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ پیکیج کا اعلان کیا ہے۔رکن پنجاب اسمبلی محمد طارق تارڑ کا کہنا تھا کہ ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ پیکیج کی تیاری میں منتخب نمائندوں سے مشاورت آپ کا احسن اقدام ہے۔











