ملتان :پلانٹ فار پاکستان مہم کے تحت صحافی کالونی میں شجرکاری کا آغاز کردیا گیا ہے

14

ملتان:08 ستمبر (اے پی پی ): پلانٹ فار پاکستان مہم کے تحت صحافی کالونی میں شجرکاری کا آغاز کردیا گیا ہے۔اس مہم کے لئے پہلے مرحلے میں ملتان ویسٹ منیجمنٹ کمپنی کی  جانب سے 1 ہزار بڑے پودے لگا دئے گئے ہیں۔کمشنر ڈاکٹرارشاد احمد نے گزشتہ روز صحافی کالونی میں پودا لگا کر مہم میں  حصہ لیا۔

ڈپٹی کمشنر عامرکریم خاں، ڈی جی ایم ڈی اے قیصر سلیم اور ایم ڈی فخرالاسلام ڈوگر نے بھی اس موقع پرپودے لگائے۔

کمشنر ملتان ڈویژن ڈاکٹر ارشاد احمد اس موقع پرمیڈیا سے  گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی ہدایت پر پلانٹ فار پاکستان مہم 31 دسمبر تک جاری رہے گی ۔موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات کو کم کرنے کے لئے پلانٹ فار پاکستان مہم کے دور رس نتائج برآمد ہونگے۔انہوں نے بتایا کہ وزیر اعظم کے بلین ٹری سونامی پلان کو پوری دنیا نے سراہا ہے۔درخت زمین کا زیور ہیں اور شجرکاری سے ماحول  خوبصورتی میں اضافہ ہوتا ہے۔کمشنر نے کہا کہ پودوں کی جیو ٹیگنگ کی جائے اور انکی نشونما کو مانیٹر کیا جائے گا۔کمشنرنے  شجرکاری مہم میں بھر پور حصہ لینے پر ویسٹ منیجمنٹ کمپنی انتظامیہ کی تعریف کی۔ڈپٹی کمشنر عامر کریم خان نے اس موقع پر کہا کہ 31 دسمبر تک ضلع میں4 لاکھ سے زائد درخت لگانے کا ٹارگٹ مقرر کیا گیا ہے اور اب تک 90 ہزار سے زائد پودے لگائے جا چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہر محکمے کو پودے کو شجر بننے تک اسکی آبیاری کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔شہر اولیاء کو سرسبز و شاداب بنانے کے لئے تمام وسائل استعمال کئے جائیں گے،عامر کریم خان

نے بتایا کہ ملتان شہر میں صفائی کی صورتحال کو مزید بہتر بنانے کے لئے منظم منصوبہ بندی کی جارہی ہے۔ڈی جی ایم ڈی اے قیصر سلیم نے کہا کہ ایم ڈی اے صحافی کالونی میں پودوں کی آبیاری کی ذمہ داری نبھائے گی۔صحافی کالونی فاطمہ جناح کالونی کا  سب سے خوبصورت بلاک ہے اور اس میں کافی گرین بیلٹس موجود ہیں اور سکول کے لئے جگہ مختص کی گئی ہے۔ قیصر سلیم نے کہا کہ صحافی کالونی ایک آئیڈیل رہائشی سکیم ہے۔ ایم ڈی ویسٹ منیجمنٹ کمپنی فخرالاسلام ڈوگر نے کہا کہ کمپنی شہر میں کلین اینڈ گرین مہم کو لیڈ کرے گی۔انہوں نے بتایا کہ صحافی کالونی کے علاوہ لینڈ فل سائیٹ پر بھی شجرکاری کی جارہی ہے۔شہر میں صفائی کی صورتحال کے بارے انہوں نے بتایا کہ نئی مشینری کی خریداری کے لئے پیپر ورک جاری ہے۔