ملتان۔ 15اکتوبر(اے پی پی ): ءایڈیشنل چیف سیکرٹری ساؤتھ پنجاب کیپٹن (ر) ثاقب ظفر نے ضلع لودھراں کا دورہ کیا۔ اس موقع پر جنوبی پنجاب کے مختلف محکموں کے سیکرٹریز بھی ان کے ہمراہ تھے۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنوبی پنجاب نے ڈپٹی کمشنر آفس میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کی جس میں مختلف محکموں کے ایڈمنسٹریٹیو سیکرٹریز سمیت متعلقہ اداروں کے افسران نے شرکت کی۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساؤتھ پنجاب کیپٹن (ر) ثاقب ظفرنے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جنوبی پنجاب کے پسماندہ اضلاع کی تعمیر و ترقی اور اس خطے کی عوام کا معیار زندگی بلند کرنا اور انہیں ریلیف فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب نے جنوبی پنجاب کے اضلاع کی تعمیر و ترقی کے لئے علیحدہ بجٹ مختص کردیا ہے اور ترقیاتی منصوبوں کے لئے فنڈز کی کوئی کمی نہیں آنے دی جائے گی۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری نے سیکرٹری پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ کو ضلع لودھراں کے تمام ترقیاتی منصوبوں کیلئے فنڈز کے بروقت اجراء کو یقینی بنانے کی ہدایت کی اور ضلع میں جاری ترقیاتی سکیموں پر کام کی رفتارکو تیز کا حکم دیا۔ کیپٹن ر ثاقب ظفر نے ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ گرانفروشوں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے اور نا جائز منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزی کرنے والوں کے ساتھ کوئی رعایت نہ برتی جائے۔سیکرٹری زراعت ساوتھ پنجاب ثاقب علی عطیل نے اجلاس سے خطاب میں کہاکہ جنوبی پنجاب کے اضلاع میں زراعت میں بہتری کیلئے بھروپور اقدامات کیئے جار ہے ہیں تاکہ پیداوار میں اضافہ کرکے کسانوں و کاشتکاروں کو معاشی طور پر خوشحال کیا جا سکے۔ انہوں نے اجلاس میں تجاویز پیش کرتے ہوئے کہا کہ ضلع لودھراں میں قائم ٹبہ تلوڑاہ ،جو کہ ایک تاریخی ورثہ ہے، کومحفوظ کرنے کیلئے اقدامات کیئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ سبزی و فروٹ منڈیوں میں قائم کسان کاونٹرز پر بھی خصوصی توجہ دی جائے تاکہ کسان کاونٹرز پر کسان براہ راست اپنی سبزیاں پھل فروخت کر سکیں اور زیادہ منافع کما سکیں۔ڈپٹی کمشنر کیپٹن ر شعیب علی نے ایڈیشنل چیف سیکرٹری کوضلع لودھراں کے پروفائل،جاری ترقیاتی سکیموں،پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی کارکردگی، کورونا ویکسی نیشن کی صورت حال،انسداد ڈینگی اقدامات سمیت حکومت پنجاب کی جانب سے محکمہ صحت اور دیگر محکموں کی کارکردگی میں بہتری کیلئے اب تک کئے گئے اقدامات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔
انہوں نے ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت بارے بریفننگ میں بتایا کہ ترقیاتی پیکج کے تحت ضلع بھر میں ہائی وے سیکٹرز کی 28، ایجوکیشن کی 4، محکد ہیلتھ کی 5، نکاسی کی 21، سپورٹس کی 2، سپیشل ایجوکیشن کی 1اور ہائر ایجوکیشن کے 4 منصوبہ جات پر کام جاری ہے۔
بعد ازاں ایڈیشنل چیف سکرٹری جنوبی پنجاب کیپٹن (ر) ثاقب ظفر نے ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) شعیب علی کے ہمراہ شہر کا دورہ کیا اور صفائی ستھرائی اور شہر کو خوبصورت بنانے کے حوالے سے کئے گئے اقدامات کا جائزہ لیا۔











