اسلام آباد،27اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے بدھ کو وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ وفاقی کابینہ کے اجلاس میں حسب معمول الیکٹرانک ووٹنگ مشین متعارف کرانے اور بیرون ملک پاکستانیوں کو ووٹ کا اختیار دینے کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ کابینہ نے ضمنی انتخابات میں الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کو تجرباتی طور پر استعمال کرنے کی افادیت پر زور دیا۔ انہوں نے بتایا کہ وزارت پارلیمانی امور کی جانب سے الیکشن کمیشن کو ایک خط لکھا جائے گا جس کہا جائے گا کہ لاہور میں اگلا ضمنی انتخاب ای وی ایم پر کرایا جائے تاکہ ای وی ایم پر لوگوں میں اعتماد پیدا ہو سکے۔ اسی طرح فیڈرل چیمبر آف کامرس اور کے پی ٹی کا الیکشن ای وی ایم پر کرانے کی تجویز ہے۔











