خطے میں اشیائے خوردونوش کے حوالے سے پاکستان میں قیمتیں سب سے کم ہیں؛ چوہدری فواد حسین

12

اسلام آباد،27اکتوبر  (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے  بدھ کو وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے  بتایا کہ مشیر خزانہ نے وفاقی کابینہ کو اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کا تقابلی جائزہ پیش کیا۔ کابینہ نے سندھ میں اشیائے ضروریہ کی بڑھتی ہوئی قیمتوں پر سخت تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کا اشیائے ضروریہ کی قیمتوں پر کنٹرول بہت کم ہے، سندھ حکومت سے بروقت گندم کی ریلیز کا کہا تھا لیکن سندھ حکومت نے گندم جاری نہیں کی۔ اس وقت بھی سندھ میں گندم کے آٹے کے 20 کلو تھیلے کی قیمت پنجاب کے مقابلے میں 380 روپے اور خیبر پختونخوا کے مقابلہ میں 350 روپے زائد ہے۔ اسی طرح سندھ بالخصوص کراچی میں دالوں کے نرخ بھی ملک کے دیگر حصوں کے مقابلے میں زائد ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بیورو آف شماریات کے ڈیٹا میں صوبائی ڈیٹا کو بھی شامل کیا جائے گا تاکہ لوگوں کو پتہ چل سکے کہ صوبوں میں کیا قیمتیں ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اس وقت پنجاب میں اشیائے ضروریہ کی قیمتیں سب سے کم جبکہ سندھ میں سب سے زیادہ ہیں جس کی وجہ سے انفلیشن کا مسئلہ درپیش ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری مہنگائی کے خلاف جلوس نکال رہے ہیں جبکہ انہیں پتہ ہونا چاہئے کہ مہنگائی روکنا صوبائی حکومت کا کام ہے، بلاول بھٹو کو مراد علی شاہ سے پوچھنا چاہئے کہ سندھ میں قیمتیں کیوں زیادہ ہیں۔

 وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ خطے کے دیگر ممالک کے مقابلے میں پاکستان میں اشیائے ضروریہ کی قیمتیں سب سے کم ہیں۔ ریجنل پرائسز کا موازنہ بھارت، بنگلہ دیش اور سری لنکا سے کیا جا رہا ہے۔