اپنے اعلیٰ تعلیمی اداروں کو مضبوط اور مستحکم بنانے سے ہی ہم دنیا کی عظیم قوم بن سکتے ہیں؛ گورنر بلوچستان سید ظہور آغا

16

کوئٹہ، 26 اکتوبر(اے پی پی ): گورنر بلوچستان سید ظہور آغا نے کہا ہے کہ یونیورسٹی آف بلوچستان صوبے کی سب سے بڑی مادر علمی  ہے، اپنی نئی نسل کے اذہان کو جدید علمی جہاں بینی سے روشن کرنے اور اپنے اعلیٰ تعلیمی اداروں کو مضبوط اور مستحکم بنانے سے ہی ہم دنیا کی عظیم قوم بن سکتے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے یونیورسٹی آف بلوچستان کے   کانووکیشن کی منعقدہ تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس میں یونیورسٹی آف بلوچستان کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شفیق الرحمان، پبلک سیکٹر کی یونیورسٹیز کے وائس چانسلرز صاحبان، قونصل جنرل ایران، قونصل جنرل افغانستان، سرکاری حکام کے علاوہ والدین اور طلباء و طالبات کی ایک بڑی تعداد شریک تھی۔

  گورنر بلوچستان سید ظہور احمد آغا نے کہا کہ یونیورسٹی آف بلوچستان کا کانووکیشن فارغ التحصیل پی ایچ ڈی، ایم فل اور گریجویٹس طلبا/طالبات کے ساتھ ساتھ  انکے والدین کیلئے بھی مسرت اور فخر کا دن ہے، بلاشبہ کانووکیشن خوشی اور تجدید عہد کا دن بھی ہے۔انہوں  نے کہا کہ صوبہ میں اعلیٰ تعلیم کے فروغ اور تعلیمی ترقی کے حوالے سے یونیورسٹی آف بلوچستان کا اہم کردار ہے، فارغ التحصیل طلباء وطالبات کو مبارکباد دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ مستقبل کے چیلنجوں سے نمٹنے کیلئے اپنی پوشیدہ صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں کیونکہ ڈگریوں کے حصول کے بعد ان پر بھاری ذمہ داریاں عائد ہوتی ہیں، آج یونیورسٹی آف بلوچستان کے گولڈ میڈلسٹ سمیت  تمام ڈگری ہولڈرز کے ساتھ اعلی تعلیم کا ایک خوبصورت لقب لگ چکا  ہے ، اس اُمید کے ساتھ کہ وہ دوسروں کیلئے مشعل راہ بن جائے گے۔

 گورنر بلوچستان نے یونیورسٹی آف بلوچستان کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شفیق الرحمان اور ان کی پوری ٹیم کی انتھک کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی شعوری کاوشوں سے عملی زندگی میں کامیابی حاصل کرنے میں مدد و رہنمائی فراہم ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ پیغمبر اسلام حضرت محمدﷺ کی زندگی عملی کام اور راہ فلاح کا بہترین نمونہ  ہے جس میں پورا فلسفہ حیات پنہاں ہے۔

قبل ازیں یونیورسٹی آف بلوچستان کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شفیق الرحمان نے کانووکیشن کے اغراض و مقاصد اور آئندہ کے لائحہ عمل پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ گورنر بلوچستان سید ظہور احمد آغا نے بلوچستان کے مادر علمی  سے پی ایچ ڈی، ایم فل اور مختلف شعبہ جات سے فارغ التحصیل طلباء و طالبات میں گولڈ میڈلز اور اسناد تقسیم کیے۔

اے پی پی /بلال/حامد