بہاولنگر،16اکتوبر(اے پی پی): ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر محمد ظفر بزدارکی قیادت میں ضلعی پولیس نے عشرہ رحمت اللعالمین ﷺ کے دوران امن وامان کے قیام کے لیے فلیگ مارچ کیا۔
فلیگ مارچ عبدالرزاق شہید پولیس لائن سے شروع ہوکر شہر کی اہم شاہراہوں،مقامات اور جلوسو ں کے روٹس سے ہوتاہواڈی پی او آفس میں اختتام پزیر ہوا۔
اس موقع پر ڈی پی او بہاولنگر محمد ظفر بزدار نے کہا کہ فلیگ مارچ کا مقصد عشرہ رحمت اللعالمین ﷺ کے دوران امن و امان کے قیام کے ساتھ ساتھ شہریوں کو احساس تحفظ دلانا ہے۔انہوں نے کہا کہ عشرہ رحمت اللعالمینﷺ میں سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کو حتمی شکل دئے دی گئی ہے، عوام و الناس کی جان وامال کی حفاظت کرنا اور امن و امان کی صورتحال کو بر قرار رکھنا پولیس کی اولین ذمہ داری ہے، بہاولنگر پولیس اس ذ مہ داری کو پورا کرنے کے لیے ہر دم تیار ہے۔
فلیگ مارچ میں اسسٹنٹ کمشنر سید عثمان منیر بخاری بھی شریک تھے جبکہ مارچ میں ضلعی پولیس کے ساتھ ساتھ ضلعی انتظامیہ،اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بھی شرکت کی۔











