تحریک لبیک کے عہدیداران سے تفصیلی بات چیت کی ہے، خواہش ہے معاملات جلد حل ہوں؛ وزیر داخلہ شیخ رشید احمد

8

اسلام آباد،24اکتوبر  (اے پی پی):وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ حکومت اور کالعدم  تحریک لبیک پاکستان ،ٹی ایل پی  کے مابین مذاکرات کافی حد تک طے پا چکے ہیں، احتجاج سیاسی پارٹیوں کا حق ہے،تحریک لبیک کے عہدیداران سے تفصیلی بات چیت کی ہے، خواہش ہے معاملات جلد حل ہوں۔

  اتوار کو یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ وزیراعظم کو مظاہرے کی صورتحال سے لمحہ بہ لمحہ آگاہ کرتا رہا ہوں،اسلام آباد انتظامیہ کو ہدایت کرتا ہوں  کہ کنٹینرز سڑکوں سے ہٹا دیں، منگل اور بدھ تک کالعدم  ٹی ایل پی کے کیسز واپس لیکر فورتھ شیڈول دیکھیں  گے۔ انہوں نے کہا کہ کالعدم تنظیم کے عہدیداروں سے تفصیلی بات ہوئی ہے، ان کے ساتھ آٹھ گھنٹے تک طویل مشاورت ہوئی ، فرانس کے سفیر کا معاملہ قومی اسمبلی میں لے کر جائیں گے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پیر کو کالعدم تنظیم کے لوگ وزارت داخلہ میں بات چیت کے لئے آئیں گے ، کالعدم تنظیم کے خلاف مقدمات واپس لینے پر غور ہوگا، مشاورت میں طے پایا ہے کہ شیڈول فور پر بھی نظر ثانی کریں گے۔

ایک سوال کےجواب میں انہوں نے کہا کہ ختم نبوتؐ پر آنچ آ نےکا سوال ہی پیدا  نہیں ہوتا ،ختم نبوت کا سپاہی ہوں، ہم سے زیادہ کس نے ختم نبوتؐ کے معاملے پر جیلیں کاٹی ہیں۔

وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ تصادم کے حق میں نہیں ہیں،  انہوں نے کہا کہ  میں حکومتی کمیٹی کو ہیڈ نہیں کرنا چاہتا مگر سعد رضوی صاحب سمیت دیگر کی خواہش پر کمیٹی کی صدارت کی۔انہوں نے کہا کہ ریاست جھکی نہیں،  ریاست کا کام ڈنڈا چلانا نہیں، ڈی سی صاحبان اور آئی جی کو کہتا ہوں کنٹینرز ہٹادیں، راولپنڈی اور اسلام آباد کی انتطامیہ کو جوائنٹ ایکشن کمیٹی بنانی چاہئے تاکہ دونوں ایک ساتھ کام کریں،سیاست کا کام ہے کہ درمیانی راستہ اختیار کرے،ہمارے پاس دو آپشن ہیں جھگڑا بڑھائیں یا معاملہ سلجھائیں، لڑائی جھگڑا کرنا کوئی بڑی بات نہیں، امید ہے حالات بہتر ہو جائیں گے۔