خیبرپختونخوا سے پولیو وائرس کا مکمل خاتمہ کر دیا گیا ہے۔ کامران بنگش

16

پشاور، 24 اکتوبر(اے پی پی): وزیراعلی خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے اطلاعات و اعلیٰ تعلیم کامران خان بنگش کا دعویٰ ہے کہ ضم اضلاع سمیت پورے خیبرپختونخوا سے پولیو وائرس کا مکمل خاتمہ کر دیا گیا ہے جس پر یہاں کے لوگ اور حکومت یکساں طور پر مبارکباد کے مستحق ہیں وہ سول سیکرٹریٹ پشاور میں پولیو کے عالمی دن کے حوالے سے منعقدہ خصوصی تقریب میں شرکت کے بعد میڈیا سے خطاب کر رہے تھے۔

 ورلڈ پولیو ڈے کے حوالے سے اس خاص جائزہ اجلاس میں وزیر صحت و خزانہ تیمور سلیم جھگڑا، وزیر محنت شوکت یوسفزئی اور معاون خصوصی برائے اطلاعات و اعلی تعلیم کامران بنگش کے علاؤہ دیگر ارکان نے شرکت کی۔

 انہوں نے کہا کہ جولائی 2020 سے آج تک صوبہ میں پولیو کا کوئی کیس سامنے نہ آنا ہماری کاوشوں اور کامیابی کی واضح دلیل ہے ۔

صوبائی وزیر صحت تیمور جھگڑا کا کہنا تھا کہ ہائی رسک علاقوں سے بھی پولیو کا کوئی کیس سامنے نہیں آیا ہے یہ فخر سے کہہ سکتا ہوں کہ گزشتہ 15 مہینوں میں وائلڈ پولیو کا کوئی نیا کیس سامنے نہیں آیا۔ ماحولیاتی نمونوں میں بھی پولیو کے وائرس نہیں پائے گئے جو اصل کامیابی ہے۔

 اسی طرح یہ بات بھی خوش آئند ہے کہ پولیو رضاکاروں کے ساتھ پولیس، علماء کرام اور والدین نے بھی پولیو مہم میں اپنا بھرپور کردار ادا کیا ہے تاہم کامیابی کا سفر جاری رکھنے کیلئے عوامی تعاون کی اشد ضرورت ہے۔