رحمتہ اللعالمین اتھارٹی کے ذریعے پوری دنیا کو نبی ۖ کی سیرت کی آگاہی دی جائے گی، وزیراعظم عمران خان

13

اسلام آباد۔14اکتوبر  (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ رحمتہ اللعالمین اتھارٹی کے ذریعے پوری دنیا کو نبیﷺ  ۖ کی سیرت کی آگاہی دی جائے گی،12 ربیع الاول کی تقریب پاکستان کی تاریخ کی سب سے بڑی تقریب ہوگی۔وزیرِ اعظم عمران خان کی زیرِ صدارت جمعرات کو رحمتہ اللعالمین اتھارٹی پر پیش رفت اور 12 ربیع الاول کی تیاریوں پر جائزہ اجلاس منعقد ہوا ۔ اجلاس میں وزیرِ اعظم کو عید میلاد النبی ۖ ﷺکی تقریب کی تیاریوں کے حوالے سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا گیا۔ اسکے علاوہ وزیرِ اعظم کو رحمتہ اللعالمین ﷺسکالرشپ کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ رحمتہ اللعالمین ﷺسکالر شپ طلبا و طا لبات کوضرورت اور میرٹ کی بنیاد پر دیا جائے گا، سکالر شپ حضور ﷺ کی حیات اور سیرت پر تحقیق کرنے والے طلبا اور طالبات کیلئے مختص کیا گیا ہے، پی ٹی وی اور ریڈیو پاکستان پر آل پاکستان نعت مقابلوں کا انعقاد کیا گیا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ مقابلوں میں پورے پاکستان سے نعت خوانوں نے شرکت کی۔اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ اتھارٹی کے ذریعے حضور پاکۖ ﷺکی سیرت کی روشنی میں نوجوانوں کی کردار سازی پر توجہ دی جائے گی، اتھارٹی کے ذریعے نوجوان نسل کو مسلمانوں کی تاریخ اور اسلامی انقلاب کے پہلوں سے روشناس کرایا جائے گا۔اجلاس میں وفاقی وزرا فواد احمد چوہدری، پیر نور الحق قادری، شفقت محمود، معاونینِ خصوصی ڈاکٹر شہباز گِل، ڈاکٹر ارسلان خالد اور سینیٹر فیصل جاوید نے شرکت کی ۔