رحیم یار خان: ڈپٹی کمشنر کا پھل و سبزی منڈی کا دورہ، نیلامی کے عمل کا تفصیلی جائزہ لیا

30

رحیم یار خان، 13  اکتوبر (اے پی پی ): ڈپٹی کمشنر نعمان یوسف نے  بدھ کو یہاں پھل و سبزی منڈی کا دورہ کیا ہے ،جہاں   انہوں  نے نیلامی کے عمل کا تفصیلی جائزہ اور مارکیٹ میں پھلوں و سبزیوں کی فراہمی کا معائنہ کیا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے  ڈپٹی کمشنر نعمان یوسف نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ عام مارکیٹ میں اشیاء کی دستیابی اور قیمتوں کو مانیٹر کر رہی ہے،ضلع بھر میں سبزیوں، پھلوں، کریانہ ، فلور ملز اور شوگر سٹاکس کو سختی سے مانیٹر کیا جا رہا ہے۔انہوں نے ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ وہ مقررہ نرخوں میں اشیائے خوردونوش کی فراہمی یقینی بنانے کے لئے مکمل طور پر متحرک رہیں۔

ڈپٹی کمشنر  نے کہا کہ غیر قانونی منافع خوری، ناپ تول میں کمی اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں کی جا رہی ہیں،شہری مقررہ نرخوں سے زائد ادائیگی ہر گز نہ کریں۔نافع خوری کی شکایت ہیلپ لائن 080002345یا قیمت ایپ پر درج کرائیں۔انہوں نے  بتایا کہ  ضلعی شکایات سیل نمبر068-9230389، واٹس ایپ نمبر03329230389پر بھی شکایات درج کرائی جا سکتی ہیں۔