میرپورخاص،15اکتوبر ( اے پی پی): ضلعی عدالت کے احاطے میں ہائیکورٹ سرکٹ بینچ کے قیام کی ہفتہ وار تاریخی وکلاء احتجاجی تحریک کا تسلسل شدت سے جاری، ڈویژن کی تینوں ضلعی بار عمرکوٹ، تھرپارکرمٹھی، میرپورخاص اور تمام تعلقہ عدالتوں سمیت سانگھڑ بار کے وکلاء نے عدالتی کاروائیوں کے پورے دن مکمل بائیکاٹ کے تسلسل کو جاری رکھا، چاروں اضلاع کے وکلاء کیسز کے سماعتوں کے دوران پیش نہ ہوئے، ہڑتال کے باعث چاروں اضلاع کے سائلین کے مقدمات تاخیر کا شکار، وکلاء نے احتجاجی ریلی نکالی اور ضلعی عدالت کے مرکزی گیٹ تک احتجاج کیا۔
ضلعی بار ایسوسی ایشن کے صدر میر پرویز اختر تالپور نے ریلی سے خطاب کرتے ہوٸے کہا کہ جسطرح آج میرپورخاص ڈویژن سمیت سانگھڑ ضلع کی عدالتی کارروائیاں معطل رہی ہیں ،مستقبل میں اطراف کے اضلاع کی عدالتی کارروائیوں کا باٸیکاٹ ہوگا، بینچ کے قیام تک اب کسی صورت احتجاج بند نہیں ہوگا بلکہ اسکا داٸرہ کار مزید وسیع ہوگا۔ ڈویژن کی پچاس لاکھ سے زائد آبادی ہے۔ تھرپارکر اور عمر کوٹ اضلاع کا وسیع علاقہ بارڈر پر مشتمل ہے جن کو حصول انصاف کے لئے ہائی کورٹ سرکٹ بینچ حیدرآباد جانا پڑتا ہے جس کے باعث عوام کو شدید دشواری کے ساتھ ساتھ بھاری مالی اخراجات برداشت کرنا پڑتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم جلد میرپورخاص میں سندھ ہائی کورٹ سرکٹ بینچ کے قیام کے لیے چیف جسٹس آف پاکستان، صدر و وزیر اعظم پاکستان اور چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ و گورنر سندھ سے ملاقات کریں گے۔











