اسلام آباد۔14اکتوبر (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے موسمیاتی تبدیلی ملک محمد امین اسلم نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے اپنی کلائمیٹ چینج کونسل میٹنگ میں پانچ اہم فیصلے کئے ہیں جو قومی ماحولیاتی وژن میں ا ہم سنگ میل کی حیثیت رکھتے ہیں، پاکستان موسمیاتی تبدیلی کے اقدامات کی بدولت دنیا میں صف اول کے ملک کے طور پر ابھرا ہے اور پوری دنیا پاکستان کی کامیاب پالیسیوں کی معترف ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو میڈیا سنٹر میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ملک محمد امین اسلم نے کہا کہ وزیراعظم نے قومی سطح پر متعین شدہ حکمت عملی پر مبنی دستاویز این ڈی سی کی منظوری دے دی ہے، انہوں نے مزید کہا کہ ورلڈ بنک نے موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے پاکستان کے وژن کو سراہا ہے۔











