لاہور ، 05 اکتوبر(اے پی پی): صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشد نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان پہلے دن سے عوام کی بہتری کیلئے اقدامات کررہے ہیں، وزیراعظم نے عوام کی بہتری کے اقدامات کرکے اپنے آپ کو عوامی لیڈرثابت کیاہے، تحریک انصاف کی حکومت عوام کا پیسہ عوام پر خرچ کرنے پر مکمل یقین رکھتی ہے۔
ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر نے منگل کو یہاں این اے 125کی یوسی 55میں سیوریج کے بڑے منصوبے کا افتتاح کرتے ہوئے کیا جہاں کارکنان نے وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشدکا پھولوں کی پتیوں سے استقبال کیا ۔اسد موقع پر واسا کے افسران نے وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشدکو سیوریج کے منصوبہ سے متعلق تفصیلات سے آگاہ کیا۔
صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشدنے کہا کہ این اے 125کی یوسی55میں سیوریج کا منصوبہ حکومت کی جانب سے عوام کیلئے تحفہ ہے، یوسی55میں سیوریج کے منصوبہ کے بعد لاکھوں رہائشیوں کو صاف پانی کی سہولت حاصل ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلی پنجاب سردارعثمان بزدارعوام کو بنیادی ضروریات زندگی کی فراہمی میں پیش پیش ہیں جبکہ وزیراعظم عمران خان کے سپاہی ہونے کے ناطے پنجاب کی عوام کو صحت کے شعبہ میں ریلیف دے رہے ہیں۔
ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت ہی پاکستانی عوام کو معاشی بحرانوں سے نکال سکتی ہے، پنجاب کی عوام کو سات اسٹیٹ آف دی آرٹ مدراینڈ چائلڈ ہسپتال دے رہے ہیں۔
اس موقع پر اہلیان علاقہ کہ کہنا تھا کہ سیوریج کا بڑا منصوبہ شروع کرنے پر وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشدکی کاوشوں کو سراہتے ہیں، ماضی کی کسی حکومت نے اس علاقہ کے درینہ مسائل حل کرنے کی کوشش نہیں کی۔











