اسلام آباد،26اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمدنے منگل کو پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کو کالعدم ٹی ایل پی کے ساتھ مذاکرات کی رپورٹ پیش کر دی گئی ہے، اس حوالہ سے اجلاس میں اعلیٰ عسکری و سول حکام نے شرکت کی۔ انہوں نے کہا کہ کالعدم ٹی ایل پی کے ساتھ طے شدہ تمام معاملات پر قائم ہیں، فرانسیسی سفیر کے انخلاء کے مطالبہ کے علاوہ دیگر تمام مطالبات پر بات چیت ہو سکتی ہے، کالعدم ٹی ایل پی کو وعدے کے مطابق منگل کی رات 12 بجے تک سڑک کے دونوں اطراف کھول دینے چاہئیں، کالعدم ٹی ایل پی کے ساتھ منگل کی شب 8 بجے اور بدھ کی صبح 10 بجے پھر رابطہ کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے خلاف پابندیاں لگانے کی سازشیں ہو رہی ہیں، فرانسیسی سفارتخانہ کی بندش اور فرانسیسی سفیر کو نکالنے سے پاکستان کو عالمی سطح پر مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، فرانس یورپ کو لیڈ کرتا ہے اور سارے یورپی ممالک فرانس کے ساتھ کھڑے ہیں، ملکی مفاد میں کالعدم ٹی ایل پی فرانسیسی سفیر کی ملک بدری کے فیصلے پر نظرثانی کرے، ملک و قوم کی بہتری کیلئے ٹی ایل پی رہنمائوں سے مثبت فیصلے کی امید رکھتا ہوں۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ کالعدم ٹی ایل پی کا یہ مجموعی طور پر چھٹا دھرنا ہے، ٹی ایل پی نے 19 اکتوبر 2021ء کو یوم ولادت رسولۖ پر دھرنا دیا، اس دن وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر حکومتی سطح پر یوم ولادت رسول ۖ کا جشن بھرپور انداز میں منایا جا رہا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ناموس رسالت ۖ اور ختم نبوت پر یقین کے بغیر ہم مسلمان نہیں ہو سکتے، ناموس رسالتۖ کا تحفظ ہم سب پر فرض ہے، میں نے ناموس رسالت پر پارلیمنٹ ہائوس میں سب سے پہلے آواز اٹھائی، ناموس رسالت پر میں نے سب سے زیادہ جیلیں کاٹیں۔