اوکاڑہ،27 اکتوبر(اے پی پی ):ڈپٹی کمشنرکیپٹن (ر) محمد علی اعجاز نے کہا ہے کہ پاکستان کا ہر شہری مظلوم کشمیریوں کی اخلاقی ،سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنمنٹ گرلز ماڈل ہائی سکول میں یوم سیاہ کے حوالہ سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کے مظالم اور کشمیریوں کی جد و جہد کو پوری دنیا کے سامنے ایک مقدمہ کے طور پر پیش کیا جائے گا تاکہ بھارت کے مکروہ چہرہ سے نقاب ہٹایا جا سکے اور بھارت کی درندگی و مظالم اور کشمیریوں کے ساتھ روا رکھے جانے والے سلوک سے متعلق پوری دنیا کو آگاہ کیا جا سکے۔
اس موقع پرسی آی او ایجوکیشن اندریاس بھٹی نے بھی خطاب کیا جبکہ سکول کی گرلز گائیڈز نے کشمیری خاکے اور ملی ترانے پیش کئے بعد میں یکجہتی کشمیر اور یوم سیاہ کے حوالے سے ریلی منعقد کی گئی جس میں طالبات اور شرکاء نے آزادی کشمیر کے حق میں نعرے بلند کئے۔